پی ایس ایل کو کرپشن فری بنانے کیلیے اہم اقدامات

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2018
 ویب سائٹ سے معاہدہ، گراؤنڈ سے مشکوک افراد کو بیدخل کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

 ویب سائٹ سے معاہدہ، گراؤنڈ سے مشکوک افراد کو بیدخل کیا جائے گا۔ فوٹو: فائل

 دبئی:  پاکستان کرکٹ بورڈ  نے پی ایس ایل تھری کے دوران کرپشن کی روک تھام کیلیے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات حاصل کر لیں جس سے سٹے بازوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے میں مدد ملے گی۔

پی سی بی  نے پی ایس ایل تھری کے دوران کرپشن کی روک تھام کیلیے ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کی خدمات حاصل کی ہیں، برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق لیگ میچز کے دوران شرطیں  لگانے کی کسی بھی قسم کی غیرمعمولی کوشش کی نگرانی ہوگی، اگر کوئی غیرمعمولی شرط لگتی ہے تو اس صورت میں یہ ویب سائٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کو فوری طور پر چوکنا کر دے گی۔

اے سی یو نے اس مرتبہ گراؤنڈز میں بھی موبائل فونز کے ذریعے مشکوک افراد سے رابطے کرنے والوں کی نشاندہی کر کے انھیں گراؤنڈز سے باہر نکالنے کے اقدامات بھی کیے ہیں۔

یاد رہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ نے گذشتہ سال منظرعام پر آنے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد اس مرتبہ اپنے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا ہے اور اس حوالے سے کھلاڑیوں پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے، اس بار پانچ ٹیموں کے ساتھ حسب معمول ایک ایک سکیورٹی افسر بھی تعینات ہے البتہ لاہور قلندرز کی ٹیم چونکہ دیگر ٹیموں کے ساتھ نہیں ٹھہری لہذا اس کے ساتھ دو سیکیورٹی افسران کو تعینات کیا گیا ہے، تمام ٹیموں اور ان کے آفیشلز کو تفصیلی بریفنگ دی جاچکی ہے۔

اس کے علاوہ میچ آفیشلز کو بھی بریفنگ دی گئی ہے، تمام فرنچائز مالکان سے کہہ رکھا ہے کہ وہ ٹیم ہوٹل میں اس فلور پر کمرے نہیں لے سکتے جس پر ٹیمیں ٹھہری ہیں،کھلاڑیوں کو بھی اپنے مہمانوں کو کمروں میں بلانے کی اجازت نہیں البتہ وہ اپنے مہمانوں اور دوستوں سے ہوٹل کی لابی میں ملاقات کر سکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔