کراچی میں کھیلوں کے فروغ کی خواہاں ہوں، شنیرا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 23 فروری 2018
میدانوں کو آباد کرنیکی خواہش ہے، ڈائریکٹر کے ڈی اے کی تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

میدانوں کو آباد کرنیکی خواہش ہے، ڈائریکٹر کے ڈی اے کی تعاون کی یقین دہانی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

 کراچی: اپنے دور کے عظیم آل راؤنڈر اور سابق ٹیسٹ کپتان وسیم اکرم کی آسٹریلوی نثراد اہلیہ شنیرا نے کراچی میں جدید ترین اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے اور متعدد گراؤنڈز کو معیاری سہولیات سے آراستہ کرنے کی ٹھان لی۔ 

وسیم اکرم کے والد مرحوم کے نام سے منسوب اکرم فاؤنڈیشن کی چیئر پرسن شنیرا وسیم نے جمعرات کو سوک سینٹر کا دورہ کیا اور کے ڈی اے کے مشیر کھیل ڈاکٹر سید جنید علی شاہ اور ڈائریکٹر اسپورٹس سید کرم عارف سے ملاقات کی۔

دوارن ملاقات شنیرا نے کراچی میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کی، ان کا کہنا تھا کہ اکرم فاؤنڈیشن شہر میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کے میدانوں کو آباد اور انھیں بہترین سہولیات سے آراستہ کرنے کی خواہاں ہے، انھوں نے کے ایم سی اسپورٹس کی طرز پر کے ڈی اے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کی تجویز کو سراہتے ہوئے اسے عملی جامہ پہنانے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔

شنیرا کا کہنا تھا کہ وہ کے ڈی اے کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں کھیل کے میدانوں کی سرپرستی بھی کرنا چاہتی ہیں۔ بعدازاں شنیرا نے کے ایچ اے اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اظہار مسرت کیا، پھر انھوں نے مختلف میدانوں کا تفصیلی دورہ بھی کیا، ان میں کے ڈی اے اسکیم ون، گلشن اقبال میں اتوار بازار کے عقب اور ایرو کلب کے سامنے کھیلوں کے لیے مختص جگہ بھی شامل تھی۔

ڈائریکٹر اسپورٹس خرم عارف نے ادارے کے سربراہ کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ کے ڈی اے کے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کو پذیرائی دی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔