سعودی عرب میں تفریحی مواقع کے فروغ کیلئے 64 ارب ڈالر خرچ کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2018
سعودی عرب آئندہ دس سالوں میں 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، فوٹوبشکریہ انٹرنیٹ

سعودی عرب آئندہ دس سالوں میں 64 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگا، فوٹوبشکریہ انٹرنیٹ

ریاض: سعودی عرب نے ملک میں تفریحی صنعت کے فروغ کے لیے آئندہ دس سال کے دوران 64 ارب امریکی ڈالر مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سعودی عرب کی جنرل انٹرٹنمنٹ اتھارٹی کے سربراہ احمد بن عقیل الخطیب  کا کہنا ہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے معاشی اور معاشرتی اصلاحی پروگرام ’’وژن 2030‘‘ کے تحت ملک میں تفریحی صنعت کی ترقی کے لیے آئندہ دس سال میں 64 ارب امریکی ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ جس کے تحت رواں سال تقریباً 500 تقریبات کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جن میں امریکی پاپ بینڈ ’’مرون 5‘‘ اور کینیڈین پرفارمرز ’’سرک ڈو سولیل‘‘ کے کنسرٹس اور پروگرامز بھی شامل ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی عرب میں پہلے فیشن شو کی تیاریاں

احمد بن عقیل الخطیب کا کہنا تھا کہ ’ماضی میں سرمایہ کار ملک سے باہر اپنا کام تیار کرتے تھے اور اس کی نمائش سعودی عرب میں ہوتی تھی لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ تفریح سے متعلق اب ہر کام ملک میں ہی ہوگا اور اللہ نے چاہا تو 2030 میں اصل تبدیلی دیکھیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سعودی حکومت کا سینما گھرکھولنے کا اعلان

واضح رہے کہ سعودی عرب میں حالیہ دنوں میں تفریحی صنعت کے حوالے سے کئی اقدامات کیے گئے ہیں مثلاً آئندہ ماہ دارالحکومت ریاض میں فیشن شو کا انعقاد کیاجائے گا۔ اس کے علاوہ گزشتہ برس دسمبر میں بھی سعودی حکومت نے ملک بھر میں سینما گھروں میں عائد پابندی اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے 37 سال بعد سینما گھر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔