شہری کا شناختی کارڈ نہ بنانے پر نادرا کی خاتون اہلکار برطرف

ویب ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2018
نادرا لیاقت سینٹر میں خاتون اسٹاف نے شہری کی درخواست وصول کرنے سے انکار کیا، فوٹو: ایکسپریس

نادرا لیاقت سینٹر میں خاتون اسٹاف نے شہری کی درخواست وصول کرنے سے انکار کیا، فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: چیئرمین نادرا عثمان یوسف نے شہری کا شناختی کارڈ بنانے سے انکار پر خاتون اہلکار کو نوکری سے برطرف کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں واقع نادرا کے دفتر میں تعینات خاتون اہلکار کو شہری کا شناختی کارڈ نہ بنانے پر نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ گئے۔ لاڑکانہ کے رہائشی ایک شخص نے نادرا لیاقت آباد سینٹر میں شناختی کارڈ بنانے کی درخواست دی جسے ڈیوٹی پر موجود خاتون اسٹاف شاہین اختر نے وصول کرنے سے انکار کردیا جس پر مذکورہ شخص نے چیئرمین نادرا سے شکایت کردی۔

چیئرمین نادرا نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے موقع پر ہی خاتون افسر کو نوکری سے برطرف کردیا جب کہ متاثرہ شخص کی شکایت کا ازالہ کرنے کا اعلان بھی کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نادرا مراکز میں عملے کی فرعونیت؛ عوام کہاں جائیں؟

واضح رہے کہ نادرا اسٹاف کے غیر ذمہ دارانہ رویے کی شکایات معمول بن گئی ہیں جس سے عام شہریوں کو شناختی کارڈ کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ طویل انتظار اور تکلیف دہ مراحل سے گزرنے کے باوجود بلاجواز اور غیر ضروری دستاویزات طلب کرنے پر صارفین کے نادرا عملے سے جھگڑے کی خبریں آتی  ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔