ماریا شراپووا بدقسمتی سے پیچھا چھڑانے میں ناکام

اسپورٹس ڈیسک  پير 1 اپريل 2013
سرینا ولیمز نے کرس ایورٹ سے عمررسیدہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی چھین لیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی

سرینا ولیمز نے کرس ایورٹ سے عمررسیدہ چیمپئن بننے کا اعزاز بھی چھین لیا۔ فوٹو: گیٹی امیجز/اے ایف پی

میامی: روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا میامی ماسٹرز میں بدقسمتی سے پیچھا چھڑانے میں ناکام رہیں۔

پانچویں مرتبہ فائنل تک پہنچنے کے باوجود وہ ابھی تک اس ایونٹ میں اپنی اولین ٹرافی کی راہ دیکھ رہی ہیں،دراز قامت روسی ساحرہ کو گذشتہ شب امریکا کی سرینا ولیمز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ٹھکانے لگادیا تھا، 25 سالہ ماریا لگاتار دوسرے برس میامی کے فائنل میں ناکامی سے دوچار ہوئیں، گذشتہ برس انھیں پولینڈ کی اگنیسکا ریڈوانسکا نے ٹائٹل سے محروم کردیا تھا جبکہ اس سے قبل چار مرتبہ کی گرینڈ سلم چیمپئن شراپووا کو2005 کے میامی فائنل میں کم کلسٹرز نے قابو کیا تھا، ،2006 کے فائنل میں ہموطن سویٹلانا کزنٹسووا ان پرغالب رہی تھیں اور 2011 میں وکٹوریا آذرنیکا نے ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیںہونے دیا تھا۔

6

ناکامی پر افسردہ شراپووا نے کہا کہ اس فائنل میں ،میں خاصی بہتر پوزیشن میں رہی لیکن میں اتناعمدہ کھیل پیش نہیں کرپائی جو اس میں کامیابی کیلیے مجھے مطلوب تھا، تاہم میں اسے درست سمت میں اچھی پیشرفت خیال کرتی ہوں، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ میں سریناکو مات دینے کے قابل تھی، دوسری جانب سرینا ولیمز نے چھٹی مرتبہ میامی ماسٹرز جیت کر اسٹیفی گراف ، کرس ایورٹ اور مارٹینا نیوراٹلووا کی ہمسری کرلی،وہ ایک ہی ایونٹ چھ مرتبہ جیتنے والی دنیا کی چوتھی خاتون ٹینس کھلاڑی بن گئیں، ان میں سے بھی سے ایورٹ وہ واحد پلیئر ہیں جنھوں نے30 برس سے زائد کی عمر میں ٹائٹل جیتا ہے تاہم سرینا نے ان سے عمررسیدہ چیمپئن بن جانے کا اعزاز چھین لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔