سیاسی معاملات میں اداروں کو ٹارگٹ کرنا افسوس ناک ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  جمعـء 23 فروری 2018
عدلیہ سمیت تمام اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو۔ فوٹو: فائل

عدلیہ سمیت تمام اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے،وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات میں اداروں کو ٹارگٹ کرنا افسوس ناک ہے، جمہوریت کے نقصان کے ذمہ دار وہی لوگ ہوں گے جو عدلیہ پر تنقید کررہے ہیں۔

پشین میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں اداروں کو ٹارگٹ کرنا افسوس ناک ہے جب کہ پیپلز پارٹی کے اُس وقت کے وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف آنے والے فیصلے کو درست قرار دینے والے آج اُسی عدلیہ کے خلاف محاذ آرائی پر اتر آئے ہیں۔

عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے ذمہ دار وہی لوگ ہوں گے جو عدلیہ پر تنقید کررہے ہیں جب کہ عدلیہ سمیت تمام اداروں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرسکتے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کہا کہ سینیٹ الیکشن رکوانے کے الزامات پر خدشات دور ہوگئے ہیں، اب ہم بلوچستان میں جمہوری انداز میں تبدیلی لائیں گے کیوں کہ ہم نے پہلے ہی کہہ دیا تھا اسمبلی نہیں توڑیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔