مقبوضہ کشمیر، گورو کی پھانسی کے بعد چھاپے جاری، 500 نوجوان گرفتار

اے پی پی  پير 1 اپريل 2013
سرینگر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں اب بھی 40 سے زائد کشمیری بند ہیں، نوجوان گھر بار چھوڑ کر دوستوں کے پاس پناہ لینے پر مجبور. فوٹو: رائٹرز

سرینگر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں اب بھی 40 سے زائد کشمیری بند ہیں، نوجوان گھر بار چھوڑ کر دوستوں کے پاس پناہ لینے پر مجبور. فوٹو: رائٹرز

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھاتی پولیس نے دہلی کی تہاڑ جیل میں محمد افضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے 2010 ء کی طرز پر عوامی انتفادہ کو روکنے کیلیے کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرکے مقبوضہ علاقے کے مختلف تھانوں اور جیلوں میںبند کردیا جبکہ مزید 5نوجوانوں کو بد نام زمانہ قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیجنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ محمد افضل گورو کو پھانسی دینے کے بعد مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت500 سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے اکثریت کا تعلق سرینگر، پلوامہ، بارہمولہ اور اسلام آباد اضلاع سے ہے۔

1

سرینگر کے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس کی طرف سے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے اور سرینگر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں اب بھی 40سے زائد کشمیری بند ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بھارتی پولیس کے مسلسل چھاپوں اور گرفتاریوں سے بچنے کے لیے سرینگر میں متعدد نوجوان اپنا گھر چھوڑ کر اپنے رشتہ داروں اور دوستوں کے پاس پناہ لینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔