ایل او سی پر اشتعال انگیزی؛ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 فروری 2018
بھارتی فوج کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے، ترجمان دفتر خارجہ ، فوٹو : فائل

بھارتی فوج کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے، ترجمان دفتر خارجہ ، فوٹو : فائل

 اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے ایل او سی پر بلا اشتعال بھارتی فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر احتجاج کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا۔

ڈی جی جنوبی ایشیا و سارک ڈیسک ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی حوالے کیا جس میں کہا گیا ہے بھارت رواں برس 370 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے، بھارتی فوج کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیوں میں 16 شہری شہید اور 66 زخمی ہوئے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری شہید

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ  بھارتی فوج کی جانب سے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا جانا قابل مذمت ہے، بھارتی فوج کا معصوم اور نہتے شہریوں  کو نشانہ بنانا انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے، بھارت سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے۔

واضح رہے کہ کنٹرول لائن کے نکیال سیکٹر پر بھارتی فورسز نے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔