پرویز مشرف آج اسلام آباد پہنچیں گے،خطرے کی وارننگ جاری

خبر ایجنسیاں  پير 1 اپريل 2013
کراچی یا اسلام آباد میں حملے کا خدشہ، 7 دیگر خود کش حملہ آور بھی روانہ کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

کراچی یا اسلام آباد میں حملے کا خدشہ، 7 دیگر خود کش حملہ آور بھی روانہ کیے گئے ہیں۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سابق صدر پرویز مشرف آج( پیر کو) اسلام آباد پہنچیں گے۔

سیکیورٹی اداروں نے خودکش حملے کی مبینہ اطلاع پر خطرے کی وارننگ جاری کردی ہے۔ آن لائن کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف وفاقی دارالحکومت میں ایک بجے ایئر پورٹ پہنچیں گے اور اپنے قیام کے دوران  انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے۔پارٹی کارکنوں کوبھرپور استقبال کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

16

ثنا نیوز نے بتایا کہ سیکیورٹی اداروں نے سابق صدر کی اسلام آباد  آمد پر خطر ے کی وارننگ جاری کر دی ہے اور  سیکورٹی  کے سخت انتظامات کی سفارش کی  ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اطلاعات ہیں کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے  پرویز مشرف کو نشانہ بنانے کے لیے  2 خاتون  خود کش بمبار تیار کر لی ہیں۔ ذرائع کے مطابق  خود کش حملہ کراچی یا اسلام آباد میں کیا جا سکتا ہے۔ ٹی ٹی پی نے ملک کے مختلف حصوں میں 7 دیگر خود کش حملہ  آور بھی روانہ کیے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔