مشرف پرحملے کا منصوبہ بنانے والا ملزم لاہورسے گرفتار

قیصر شیرازی  اتوار 25 فروری 2018
سلمان ڈار عرف شانی کا نام ریڈ بک میں تھا، 3 بارودی گاڑیاں تیار کرنے کا الزام ہے
 فوٹو:فائل

سلمان ڈار عرف شانی کا نام ریڈ بک میں تھا، 3 بارودی گاڑیاں تیار کرنے کا الزام ہے فوٹو:فائل

 راولپنڈی:  سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف پر خودکش حملے کا منصوبہ بنانے میں ملوث اشتہاری ملزم سلمان ڈار عرف شانی کو لاہور سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت اس مقدمے کے 5 دیگر ملزمان کو عمرقید اور جائیداد ضبطی کی سزائیں سناچکی ہیں۔

راولپنڈی کے علاقہ دھمیال سے تعلق رکھنے والے ملزم سلمان ڈار اور اس کے ساتھیوں پر الزام ہے کہ انھوں نے 2008 میں سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کیلیے بارود سے بھری 3 گاڑیاں تیار کی تھیں تاہم ایف آئی اے راولپنڈی اور تھانہ صادق آباد پولیس نے تینوں گاڑیاں موقع پر پکڑ لی تھیں۔ جون 2008 میں تھانہ صادق آباد میں درج ہونی والے مقدمے کے مطابق ملزمان نے 20 کلو بارود سے بھری تینوں بارود بھری گاڑیاں بیک وقت آرمی ہاؤس کے مرکزی گیٹ سے ٹکراکر اندر داخل ہونا تھا۔

اس مقدمے کے 5 ملزمان انتخاب عباسی، ظفرعلی، قمر زمان، عابد خان اور محمد اسحاق کو راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر 2،2 بارعمرقید اور جائیداد ضبطی کی سزا سناچکی ہے۔ آئی این پی کے مطابق مقدمے کا ایک ملزم مطیع الرحمان تاحال روپوش ہے۔ ایک ٹی وی کے مطابق گرفتار کیے جانیوالے ملزم سلمان ڈار کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، اس کا نام ملزمان کی ریڈبک میں شامل تھا اور ملزم کے سر کی قیمت 5 لاکھ روپے مقرر تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔