سوئی سدرن اور ٹرانسپیرنسی میں ایم او یو پر دستخط

بزنس رپورٹر  منگل 2 اپريل 2013
ادارے میں شفافیت کا معیار بہتر ہوگا، سہیل مظفر، ٹرانسپیرنسی کی تجاویز پر عمل کرینگے، زہیر صدیقی   فوٹو: فائل

ادارے میں شفافیت کا معیار بہتر ہوگا، سہیل مظفر، ٹرانسپیرنسی کی تجاویز پر عمل کرینگے، زہیر صدیقی فوٹو: فائل

کراچی:  سوئی سدرن گیس کمپنی اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی ہے جس کے مطابق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سوئی سدرن گیس کمپنی کے مالیاتی امور بالخصوص ٹھیکوں اور خریداریوں میں بطور ایڈوائزر شریک ہوگی۔

معاہدے کی تقریب سوئی سدرن گیس کمپنی کے صدر دفتر میں منعقد ہوئی جس میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی زہیرصدیقی اور ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے چیئرمین سہیل مظفر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ایڈوائزر عادل گیلانی اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے دیگراعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ معاہدے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے چیئرمین سہل مظفر نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سوئی سدرن گیس کمپنی کے ٹھیکوں اور خریداریوں کو شفاف بنانے کے لیے بطور ایڈوائزر اور ناظر اپنا کردار اداکرے گی جس سے ادارے میں شفافیت کا معیار مزید بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ساتھ اشتراک عمل کا رجحان فروغ پارہا ہے، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اس سے قبل پاکستان اسٹیل، پورٹ قاسم اتھارٹی، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ساتھ بھی ایم او یو کیے جبکہ پنجاب حکومت کے مختلف پراجیکٹ کا بھی معائنہ کیا جن میں لیپ ٹاپ اسکیم اور پبلک ٹرانسپورٹ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ شامل ہیں۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ایم ڈی زہیر صدیقی نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے ساتھ مفاہمیت کی یادداشت سوئی سدرن گیس کمپنی کی مالیاتی امور میں شفافیت کی پالیسی سے ہم آہنگ ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل کے کرپشن فری سوسائٹی کے عزم سے متفق اور پرامید ہے، مفاہمت کی یادداشت سے سوئی سدرن گیس کمپنی کو اپنی خدمات مزید بہتر اور شفاف انداز میں ادا کرنے کی تحریک ملے گی اور سوئی سدرن گیس کمپنی ٹھیکوں اور خریداری میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کے مشوروں اور تجاویز پر عمل کریگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔