ایف پی سی سی آئی کے انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان

بزنس رپورٹر  منگل 2 اپريل 2013
نئے عہدیدار آج چارج لیں گے، بزنس مین پینل پھر آگیا، ہمارا مقابل کوئی نہیں، طارق سعید   فوٹو: فائل

نئے عہدیدار آج چارج لیں گے، بزنس مین پینل پھر آگیا، ہمارا مقابل کوئی نہیں، طارق سعید فوٹو: فائل

کراچی:  ایف پی سی سی آئی نے سال 2013 کیلیے انتخابی نتائج کا باضابطہ اعلان کردیا ہے جس کے مطابق بزنس مین پینل نے فیڈریشن چیمبر کے عہدیداروں کے انتخابات میں 100 فیصد کامیابی حاصل کرلی ہے۔

پیر کو نتائج کے اعلان کے موقع پر بزنس مین پینل کے سربراہ طارق سعید نے تمام منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بزنس مین پینل اتنا مضبوط گروپ ہے کہ کوئی بھی امیدوار ہمارے امیداروں کے سامنے نہیں آتا حالانکہ ہماری خواہش ہے کہ ہمارے امیدواروں کے مقابل دوسرے امیدوار آئیں اور اگر کوئی امیدوار آبھی جائے تو وہ ایک ووٹ بھی حاصل نہیں کر پاتا،پورے ملک میں بلامقابلہ الیکشن جیتنا آسان نہیں ہے لیکن ہم نے نہ صرف یکجہتی کے ذریعہ الیکشن میں کامیابی حاصل کی بلکہ تمام کو مناسب نمائندگی دی ہے۔

دریں اثنا پیر کو بلوچستان کی نائب صدارت کی نشست پر ہونے والے انتخابات میں الیکشن کمشنر شہزادہ عالم کی نگرانی میں پولنگ کا آغاز صبح ساڑھے10 بجے ہوا اور یہ پولنگ شام ساڑھے4 بجے تک جاری رہی، بلوچستان کے کوٹے پر مجموعی طور پر14 ووٹوں میں سے بزنس مین پینل کے امیدوار گوادر چیمبر کے نویدجان بلوچ10 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے جبکہ انکے مقابل حاجی عبداللہ نے ایک بھی ووٹ حاصل نہیں کیا اور وہ خود اپنا ووٹ بھی کاسٹ نہیں کرسکے۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر کے عہدے کیلیے زبیراحمدملک جبکہ گلزار فیروز، شاہین الیاس سروانہ، اظہرسعید بٹ، محمدعلی اسلم، عبدالخالق خان، خواجہ محمد اقبال ، ظفر جلیل خان اور خواتین کی مخصوص نشست پررخسانہ جہانگیر بلامقابلہ نائب صدور منتخب ہوچکی ہیں ،نئے عہدیدار منگل کو اپنا منصب سنبھالیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔