قومی ویمنز کرکٹ کا میلہ جمعرات سے سجے گا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 2 اپريل 2013
فوٹو : ایکسپریس

فوٹو : ایکسپریس

لاہور: 8ویں قومی ویمنزکرکٹ چیمپئن شپ کا میلہ جمعرات سے سجے گا۔

پی سی بی ویمنز ونگ کے زیراہتمام 19 اپریل تک جاری رہنے والے ایونٹ کے میچزلاہور اور مریدکے میں کھیلے جائیں گے،لیگ کی بنیاد پر ہونے والی چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی سائیڈ فاتح قرار پائے گی، شریک12علاقائی اور 3محکمہ جاتی ٹیموں کو2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پول بی میں سائیڈزکو ون اور ٹو میں رکھنے کا فیصلہ ہوا، مقابلوں کے دوران پول اے میں آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کی پول بی میں تنزلی ہو جائے گی، پول بی کی نمبر ون ٹیم پول اے میں چلی جائے گی۔

گروپ اے میں شامل ٹیموں میں زرعی ترقیاتی بینک ، لاہور ، پاکستان یونیورسٹیز ، ملتان ، کراچی ، فیصل آباد اور راولپنڈی، بی ون میں اسلام آباد ، پی کے بورڈز ، بہاولپور ، پشاور جبکہ بی ٹو میں سیالکوٹ ، حیدر آباد، ایبٹ آباد اور کوئٹہ شامل ہیں۔ زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔ پول اے کے تمام میچز لاہور جبکہ بی ون اور ٹو کے مقابلے مریدکے میں ہونے ہیںِ۔ شریک ٹیموں کی لاہور آمد کا سلسلہ منگل سے شروع ہوگا، ایک دن آرام کے بعد ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی، ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، گروپ اے میں4 اپریل کو زیڈ ٹی بی ایل کا مقابلہ لاہور جبکہ ایچ ای سی کا میچ ملتان سے ہوگا۔

اگلے روزکراچی کا سامنا فیصل آباد سے ہونا ہے، اسی روز زیڈ بی ایل کی ٹیم راولپنڈی کے خلاف میدان میں اترے گی۔7 اپریل کولاہور کا ایچ ای سی جبکہ ملتان کا راولپنڈی سے ٹکراؤ ہوگا۔ اگلے دن زیڈ ٹی بی ایل کا مقابلہ کراچی اور فیصل آباد کا راولپنڈی سے ہوگا۔10 اپریل کو زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم ایچ ای سی کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ لاہور کا میچ ملتان کے ساتھ شیڈول ہے۔ اگلے روزکراچی کا مقابلہ راولپنڈی اور ملتان کا میچ فیصل آباد سے ہوگا۔ ایک دن آرام کے بعد لاہور کی ٹیم کراچی کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ ایچ ای سی کا مقابلہ راولپنڈی سے ہوگا۔

14 اپریل کو زیڈ بی ایل کا میچ ملتان اور ایچ ای سی کا مقابلہ فیصل آباد کے ساتھ ہونا ہے۔16اپریل کو زیڈ ٹی بی ایل کا مقابلہ فیصل آباد اور لاہور کا راولپنڈی سے ہوگا،17 اپریل کو کراچی کی ٹیم ملتان اور لاہور کی ٹیم فیصل آباد کے خلاف میدان میں اترے گی۔19اپریل کو چیمپئن شپ کے آخری روز لاہور اور فیصل آباد کی ٹیمیں ایکشن میں دکھائی دیں گی،پول بی کے میچز مریدکے کے دو مختلف گراؤنڈز میں ہوں گے۔

4 اپریل کو اسلام آباد کا مقابلہ پی کے بورڈ اور سیالکوٹ کا میچ ایبٹ آباد کے ساتھ ہوگا، 5 اپریل کو بہاولپور کی ٹیم پشاور اور حیدر آباد کی سائیڈکوئٹہ ٹکرائے گی۔ پی کے بورڈ کی ٹیم بہاولپور کیخلاف7 اپریل کو ایکشن میں دکھائی دے گی، اسی روز حیدر آباد کا مقابلہ ایبٹ آباد سے ہوگا۔8 اپریل کو اسلام آباد کا میچ پشاور اور سیالکوٹ کا کوئٹہ کے ساتھ ہوگا۔ایک دن آرام کے بعد اسلام آباد کی ٹیم بہاولپور کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی جبکہ ایبٹ آباد کا مقابلہ کوئٹہ سے ہوگا۔ بی ون بی ٹو کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 13 اپریل کو شیڈول ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔