ٹکٹوں کی من پسند افراد میں تقسیم پر پی پی کارکنوں کا مظاہرہ

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 اپريل 2013
 مظاہرین پریس کلب سے بلاول ہائوس پہنچ گئے،نجمی عالم سے مذاکرات کے بعد منتشر . فوٹو: فائل

مظاہرین پریس کلب سے بلاول ہائوس پہنچ گئے،نجمی عالم سے مذاکرات کے بعد منتشر . فوٹو: فائل

کراچی: پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے پسندیدہ افراد کو ٹکٹ نہ دیے جانے کیخلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین کی بڑی تعداد کا تعلق ملیر سے تھا اور انھوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے مظاہرین پیپلز پارٹی کے مقتول رہنما عبداللہ مراد شہید کے بیٹے سلمان مراد ، عمر جت اور سابق وزیر حاجی مظفر شجرہ کے حق میں نعرے بازی کر رہے تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت نے ٹکٹوں کی تقسیم میں میرٹ کا خیال نہیں رکھا بلکہ من پسند افراد کو ذاتی خدمات پر ٹکٹ دیے گئے ہیں،پارٹی نے جن لوگوں کو ٹکٹ دیے ہیں ان کا پارٹی سے کوئی گہرا تعلق نہیں بلکہ وہ پارٹی میں مختلف شخصیات کے ذاتی کاموں کی وجہ سے مشہور ہیں،مظاہرین کے پریس کلب سے بلاول ہاؤس کی جانب مارچ کے اعلان پر سیکیورٹی اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی۔

پولیس نے مشتعل مظاہرین کو ریڈ زون فوارہ چوک پر روکنے کی کوشش کی لیکن مظاہرین مارچ کرتے ہوئے بلاول ہاؤس پہنچنے میں کامیاب ہوگئے،جہاں مظاہرین نے شدید نعرے بازی کی،مظاہرین سے بات چیت کا ٹاسک پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سکریٹری نجمی عالم کو دیا جنھوں نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور مظاہرے میں موجود خواتین، نوجوانوں اور بزرگوں کو اس بات پر قائل کرلیا کہ وہ انکے تمام تحفظات سے صدر زرداری کو آگاہ کردیں گے،اس یقین دہانی کے بعد احتجاجی مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔