بھٹو کی برسی پر گڑھی خدابخش کا مرکزی جلسہ منسوخ

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 اپريل 2013
پیپلزپارٹی کی  انتخابی مہم بلاول بھٹو زرداری ہی چلائیں گے، قمر زمان کائرہ  فوٹو: فائل

پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم بلاول بھٹو زرداری ہی چلائیں گے، قمر زمان کائرہ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی 34 ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں 4 اپریل کو ہونے والا مرکزی جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ الیکشن شیڈول تبدیل ہونے اور امیدواروں کی اسکروٹنی کے سبب برسی کی تقریبات کا شیڈول بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی نے بتایا کہ یہ کہنا درست نہیں کہ جلسہ منسوخ کردیا گیا ہے بلکہ برسی کی تقریبات کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے ، اب جلسہ 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش میں منعقد ہونے کے بجائے 3 اپریل کو نوڈیرو میں ہوگا ، جس سے صدر آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔

 

اس جلسے میں پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پی پی کے عہدیداران، متوقع امیدواران اور کارکنان شرکت کریں گے۔ انتخابی مصروفیات کی وجہ سے سندھ کے دیگر اضلاع میں پارٹی عہدیداراور کارکنان ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں 4 اپریل کو برسی کے حوالے سے تقریبات منعقد کریں گے۔ انھوں نے بتایا کہ گڑھی خدا بخش میں برسی کی مرکزی تقریبات 3 اپریل کو شروع ہوں گی۔ بعد نماز عصر مزار پر قرآن خوانی ہوگی، مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔

بعد ازاں3 اپریل کی شام نوڈیرو میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔ انھوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے جلسے کا پروگرام تبدیل ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ صرف انتخابی شیڈول کی تبدیلی کے باعث برسی کی تقریبات کا شیڈول تبدیل کیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی اطلاعات قمر زمان کائرہ نے ایکسپریس کو بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری ہی پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں گے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔