ووٹر کو حق رائے دہی کے استعمال کیلئے آزادانہ ماحول فراہم کیا جائے، نجم سیٹھی

ویب ڈیسک  منگل 2 اپريل 2013
نئے انسپکٹر جنرل پولیس امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اپنا بھرپورکردارادا کریں، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

نئے انسپکٹر جنرل پولیس امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اپنا بھرپورکردارادا کریں، نجم سیٹھی فوٹو: فائل

لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ووٹر کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال کے لئے آزادانہ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی سے ایوان وزیراعلیٰ میں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب آفتاب سلطان نے ملاقات کی، ملاقات میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال اور عام انتخابات کے حوالے سے سیکیورٹی کے انتظامات پر بات چیت کی گئی، اس موقع پر نگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی نے کہا کہ امن وامان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کو ناممکن نہیں سمجھتے، نگران حکومت صوبے میں امن و امان اور سکیورٹی کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے، امن وامان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے، شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی ذمہ داری ہے، پولیس جرائم کنٹرول کرنے کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ نئے انسپکٹر جنرل پولیس امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اپنا بھرپورکردارادا کریں، انسپکٹر جنرل پولیس انتخابات کے پرامن انعقاد اور عوام کی داد رسی کے لئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔