1000 ری کنڈیشنڈ گاڑیوں پر 50 کروڑ روپے ڈیمرج چارجز عائد

احتشام مفتی  ہفتہ 3 مارچ 2018
50فیصد رعایت دی جائے، کسٹمز ایجنٹس، وفدسے مذاکرات میں الحمد کنٹینرٹرمنل کی انتظامیہ نے مہلت طلب کرلی۔ فوٹو : فائل

50فیصد رعایت دی جائے، کسٹمز ایجنٹس، وفدسے مذاکرات میں الحمد کنٹینرٹرمنل کی انتظامیہ نے مہلت طلب کرلی۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  درآمد ہونے والی ری کنڈیشنڈ گاڑیوں پرگزشتہ 2 ماہ کے دوران 50 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ڈیمریج چارجز عائد ہونے سے ٹرمنل آپریٹرزکی چاندی ہوگئی ہے۔

وزارت تجارت کی جانب سے ری کنڈیشنڈ گاڑیوں کی کلیئرنس کے لیے نئی شرائط عائد ہونے سے کراچی کی بندرگاہ پر قائم نجی کنٹینرٹرمینلز میں تقریباً10ہزار چھوٹی بڑی گاڑیوں کی گزشتہ2 ماہ سے کسٹم کلیئرنس معطل تھی اور ان گاڑیوں کی سے سب سے زیادہ تعداد الحمد کنٹینرٹرمنل میں موجود ہے جہاں 4000 ری کنڈیشنڈ گاڑیاں کلیئرنس کی منتظر ہیں۔

ذرائع نے ایکسپریس کو بتایاکہ الحمد کنٹینرٹرمنل سمیت دیگر نجی ٹرمینلز گزشتہ 2 ماہ کے دوران مذکورہ گاڑیوں پر عائد ہونے والے ڈیمریج وڈیٹنشن چارجز واپس لینے سے معذوری ظاہر کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان نجی ٹرمنلز پر مختلف درآمدی وبرآمدی کنسائمنٹس کے لیے مطلوبہ جگہ کی قلت برقرار ہے۔

کلیئرنس کی منتظر گاڑیوں پرصرف ڈیمریج چارجزکی مدمیں کم سے کم30 ہزار روپے اور زیادہ سے زیادہ1 لاکھ روپے عائد کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے ان کی کلیئرنس کی رفتار انتہائی سست ہوگئی ہے۔

اس ضمن میں کراچی کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل محمد عامر کی جانب سے ری کنڈیشنڈ گاڑیوں کی کلیئرنس کی خدمات انجام دینے والے کسٹمز ایجنٹوں پرمشتمل 4 رکنی ٹیم تشکیل دی جس نے جمعے کو الحمد انٹرنیشنل کنٹینرٹرمنل کی انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کیے، دوران مذاکرات کسٹمز ایجنٹس کے وفد نے ٹرمنل انتظامیہ پر واضح کیاکہ ری کنڈیشنڈ گاڑیوں کے درآمدکنندگان اضافی لاگت برداشت کرنے کے قابل نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔