تھر کول پاور پراجیکٹ، پی ایس او اور اینگرو پاور جن میں معاہدہ

بزنس رپورٹر  بدھ 3 اپريل 2013
خیبر پختونخوا حکومت سے آئل ریفائنری کیلیے ایم او یو بھی جلد ہوجائیگا، نعیم یحییٰ  فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا حکومت سے آئل ریفائنری کیلیے ایم او یو بھی جلد ہوجائیگا، نعیم یحییٰ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی ملک کو توانائی میں خود کفیل بنانے کے لیے تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں شراکت کرے گی۔

یہ بات ایم ڈی پی ایس او نعیم یحییٰ نے گزشتہ روز پی ایس او ہائوس میں حکومت سندھ کے ساتھ تھر کے منصوبے میں شریک اینگرو پاور جن لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے موقع پر میڈیا کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی ملک اور قوم کی خدمت کے لیے اپنے کردار کو وسعت دیتے ہوئے تھر کول پاور پراجیکٹ میں شراکت کرے گی اور سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں 50 فیصد شیئرز حاصل کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اسٹیٹ آئل کمپنی اور خیبرپختونخوا حکومت کے درمیان پاکستان اسٹیٹ آئل کی آئل ریفائنری کے قیام کے لیے ایم او یو بھی جلد کیا جائے گا، یہ ریفائنری پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت قائم ہوگی جس میں خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ او جی ڈی سی اور نجی سرمایہ کاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ دریں اثنا  تھر کے کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے میں معاونت کے معاہدے پر ایم ڈی پی ایس او نعیم یحییٰ میر اور اینگرو پاور جن لمیٹڈ کے سی ای او محمد علی انصاری نے دستخط کیے،اس موقع پر چیئرمین سندھ بورڈ انوسٹمنٹ بورڈ زبیر موتی والا،سیکریٹری کول اینڈ انرجی اعجاز احمد خان اور دیگر بھی موجود تھے۔

4

مفاہمتی یادداشت کے مطابق پی ایس او اور اینگرو پاور جن مشترکہ طور پر کول مائننگ پر کام کریں گی اور پی ایس او اس ضمن میں تکنیکی اور اقتصادی فزیبلیٹی کے لیے معاونت بھی فراہم کرے گی۔ اس موقع پر ایم ڈی پی ایس او نعیم یحییٰ میر کا کہنا تھا کہ کوئلہ بجلی کی پیداوار کے لیے اس وقت سستا ترین ذریعہ ہے اور پاکستان کی موجودہ مالی صورتحال میں بجلی کی پیداوار کیلیے کوئلے کا استعمال اشد ضروری ہے اور کوئلے کی سپلائی چین کیلیے پی ایس او اپنا ہر ممکن کردار ادا کریگی۔

اینگرو پارور جن لمیٹڈ کے سی ای او محمد علی انصاری نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ مستقبل میں ملک کے کی انرجی سیکیورٹی کا ضامن بنے گا۔ چیئرمین سندھ انوسٹمنٹ بورڈ زبیر موتی والا کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کیلیے ہر ممکن کوشش کررہی ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومت نے سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی میں 50 فیصد سے زائد شیئر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ تھر میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے جلد سے جلد شروع کیے جا سکیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔