اے سی سی ٹی 20 کپ، یو اے ای کا سفر تمام، نیپال فائنل میں پہنچ گیا

اسپورٹس ڈیسک  بدھ 3 اپريل 2013
اوپنر پرادیپ کی ففٹی ،آج ٹرافی کیلیے افغانستان سے مقابلہ ہوگا، خلیجی ٹیم 6وکٹ سے ناکام، دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو مات. فوٹو: وکی پیڈیا

اوپنر پرادیپ کی ففٹی ،آج ٹرافی کیلیے افغانستان سے مقابلہ ہوگا، خلیجی ٹیم 6وکٹ سے ناکام، دوسرے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کو مات. فوٹو: وکی پیڈیا

کھٹمنڈو: ایشین کرکٹ کونسل ٹوئنٹی20 کپ میں نیپال نے ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم متحدہ عرب امارات کو اپ سیٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے فیصلہ کن معرکہ میں رسائی حاصل کرلی۔

جہاں اس کا ٹکرائو فائنل فور میں ہانگ کانگ کو7 وکٹ سے پچھاڑنے والی افغانستان ٹیم سے بدھ کو ہوگا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق اے سی سی کپ کا پہلا سیمی فائنل  ہانگ کانگ اور افغانستان کے مابین کھیلا گیا، افغان کپتان محمد نبی نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ عرفان احمد اور وقاص برکت نے 11 رنز کا آغاز فراہم کیا، دوسرے اوور کی دوسری گیند پر حمزہ ہوتک نے  کریم صادق کی مدد سے عرفان کو سٹمپ آئوٹ کردیا، دوسری وکٹ کیلیے کپتان جمی اتھنسن نے وقاص کیساتھ ملکر اسکور کو43 رنز پر پہنچایا، حمزہ ہوتک نے یکے بعد دیگرے دونوں کو پویلین لوٹا دیا۔

48 کے مجموعی اسکور پر چوتھی اور 61 رنز پر پانچویں وکٹ بھی گر گئی، اعزاز خان اور بابر حیات نے تھوڑی بہت مزاحمت دکھاتے ہوئے ٹوٹل کو 109 رنز تک لے جانے میں مدد کی، دونوں بالترتیب15 اور14 اسکور بنانے میں کامیاب رہے، حمزہ ہوتک نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں14 رنز کے عوض3 شکار کئے، سمیع اللہ شنواری نے 2 اور ندیم احمد ایک وکٹ اپنے نام کی۔110 رنز کے آسان ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے افغانستان کی پہلی وکٹ 36 کے اسکور پر گری جب فصل نیازی 13 گیندوں پر23 رنز کی اننگز کھیل کرکرن شاہ کے ہاتھوں آئوٹ ہوئے، 50 کے مجموعی اسکور پر شاہ نے دوسرے اوپنر کریم صادق(14)  کو بھی پویلین بھیج دیا۔

7

نجیب اللہ زردان اور محمد نسیم نے سمجھدارنہ بیٹنگ کی بدولت ٹیم کو فتح کے قریب پہنچادیا81 کے مجموعی اسکورپر 15 رنز پربنانے والے نسیم ندیم احمد کا شکار ہوگئے۔ کپتان محمد نبی نے 10 اور زردان نے37 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو 17 گیندیں قبل فتح دلوادی۔ حمزہ ہوتک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے سیمی فائنل میں ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم یو اے ای کو نیپال کے ہاتھوں 6 وکٹ سے غیر متوقع شکست کا سامنا کرنا پڑا،  ناکام ٹیم نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو دونوں اوپنر 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے، بختیار حامد 5 رنزبناکر بسکوٹا اور امجد علی1 اسکورپر بسانتا رگمی کا شکار ہوئے، عبدالشکور نے18 اور سواپنل پٹیل نے37 اسکورر کیے۔

یواے کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر133 رنز اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہی، محمد اعظم ناٹ آئوٹ24 اور امجد جاوید12 رنز کے ساتھ دیگر نمایاں بیٹسمین رہے،  پریتھو بسکوٹا نے3، بسانتا رگمی اور شکتی گائو چن نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں نیپال نے 134 رنز کا ہدف 19.1 میں 4 وکٹ پر حاصل کرلیا، اوپنر پرادیپ ایری نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے57 گیندوں پر2 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے58 رنز بنا کر ٹیم کی کو فیصلہ کن معرکہ تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، شوباش کھاکورنے22 اور پراس کھادکا نے20 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراش کر افتتاحی بیٹسمین کا بھرپور ساتھ دیا۔ احمد رضااور فیاض احمد نے2,2 وکٹوں کا بٹوارا کیا، پرادیپ ایری کو شاندار بیٹنگ پر مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازہ گیا۔ افغانستان اور نیپال کی ٹیموں کے مابین فیصلہ کن معرکہ آج کرتپور کے میدان میں کھیلا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔