فیملی سرکل کپ ٹینس، دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز کو جیورجی کا چیلنج درپیش

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 3 اپريل 2013
اعزاز کے دفاع کے لیے پراعتماد امریکی پلیئر دوسرے رائونڈ سے سفر کا آغاز کریں گی، وینس کا مقابلہ مونیکا سے ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

اعزاز کے دفاع کے لیے پراعتماد امریکی پلیئر دوسرے رائونڈ سے سفر کا آغاز کریں گی، وینس کا مقابلہ مونیکا سے ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

چارلیسٹن / جنوبی کیرولینا: چھٹی مرتبہ میامی ماسٹرز ٹرافی جیتنے والی سرینا ولیمز چارلیسٹن میں شروع ہونے والے فیملی سرکل کپ کلے کورٹ ایونٹ میں اعزاز کے دفاع کیلیے پراعتماد ہیں۔

وہ سیزن میں تیسرا ٹائٹل جیتنا چاہتی ہیں، دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ سرینا کو دیگر آٹھ سیڈنگ پلیئرز کی طرح پہلے رائونڈ کی بجائے دوسرے مرحلے سے سفر کا آغاز کرنا ہے، وہ اپنا پہلا مقابلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب اطالوی حریف کیمیلا جیورجی سے کھیلیں گی، جیورجی نے پہلی آزمائش میں مینڈی مینیلا کو 6-4،6-4 سے مات دی،15 مرتبہ کی گرینڈ سلم سنگلز چیمپئن سرینا نے 2008 میں فیملی سرکل کپ جیتا تھا،31 سالہ امریکی اسٹار رواں برس اب تک دو ٹائٹلز اپنے نام کرچکی ہیں، جس میں برسبین اور میامی ماسٹرز شامل ہے۔

سیکنڈ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کا پہلا ٹاکرا اسپین کی سلویا سولر ایسپونسا سے ہوگا، 2011 کی چیمپئن اب تک اپنے کیریئرمیں چار کلے کورٹ ٹائٹلز جیت چکی ہیں، ایسپونسا نے پہلے رائونڈ میں اٹلی کی معروف پلیئر فرانسسکا شیوانے کو 3-6،6-4 اور 7-6(8/6) سے مات دی،2010 کی فاتح تھرڈ سیڈ آسٹریلین پلیئر سمانتھا اسٹوسر کے مقابل آنیوالی پلیئر کا تعین مارینا ایراکووک اور ڈنیلا ہنچووا کے باہمی مقابلے کے بعد ہوگا، اسٹوسر پنڈلی کی انجری کے سبب انڈین ویلز سے دستبردار ہوگئی تھیں، اس کے بعد یہ ان کا پہلا ایونٹ ہوگا۔

 

10

دیگر سیڈنگ پلیئرزمیں سلونی اسٹیفنز، وینس ولیمز، جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا، اسپین کی کارلا سواریز نیوارو  اور جرمن کھلاڑی مونا بارتھیل شامل ہیں، پیورٹو ریکو کی مونیکا پیوگ نے جمہوریہ چیک کی کھلاڑی آندریا ہیلکووا کو 6-4،6-0 سے پچھاڑ کر وینس ولیمز کیخلاف دوسرے رائونڈ میں جگہ بنالی،فرسٹ رائونڈ کے دیگر میچزمیں رومانیہ کی سورانا کرسٹیا نے جرمن حریف ٹیٹجانا میلیک کو 6-4،7-6(7/5) سے قابو کرلیا، اولگا گورٹسووا نے امریکی پلیئر جیمی ہامپٹن کو 6-4،6-7(3/7) اور 6-4 سے مات دی۔

متھالی جوہانسن نے میلینڈا زنک کیخلاف 5-7،6-3 اور 7-5 سے فتح سمیٹی، امریکا کی 12 سیڈ وارویرا لیپچنکو نے ہموطن کرسٹینا میک ہیل کو 6-3،4-6 اور 6-2 سے زیر کرلیا،آسٹریا کی تمیرا پاسزک نے امریکی پلیئر گریس من کیخلاف 6-3 کے اسکور پر مقابلہ جاری رکھنے سے معذرت کرلی، اسپین کی انابیل میڈینا گوریجس نے ڈچ پلیئر ارانتاکسا رس کو 6-2،6-2 سے مات دے دی، فرنچ پلیئر کیرولین گارشیا نے جنوبی افریقی حریف چینیلی شیپرز کو 7-6(8/6)،6-4 سے ٹھکانے لگادیا، جرمنی کی معروف پلیئر آندریا پیٹکووک نے میزبان کھلاڑی ٹیلر ٹائونسیڈ کو 6-3،6-0 سے باآسانی زیر کرلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔