قوم کا درد رکھنے والے ہی کرپشن کا خاتمہ کرسکتے ہیں، زبیر

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 3 اپريل 2013
مسلم حکمران برمی مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں، نامزدگی فارم کی منظوری پرگفتگو۔  فوٹو: فائل

مسلم حکمران برمی مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لیں، نامزدگی فارم کی منظوری پرگفتگو۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد: جمعیت علماء پاکستان کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک کی بقاء اور سالمیت کے تحفظ کے لیے قوم ہمارا ساتھ دے۔

جے یو پی کی صالح، دیانت دار اور قوم کا درد رکھنے والی قیادت ملک سے کرپٹ نظام کے خاتمے اور امریکی غلامی سے نجات دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔  NA-220 سے اپنے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگومیں انھوں نے کہا کہ پورے ملک سے جے یو پی کے نمائندے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، یہ انتخابات امریکی حواریوں سے ملک کو آزاد کرانے اور پاکستان کو حقیقی اسلامی، فلاحی ریاست بنانے میں سنگ میل ثابت ہو ں گے۔ انھوں نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی جڑوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے، بدامنی لاقانونیت اور دہشت گردی نے معاشی اور معاشرتی اقدار تباہ کر دی ہیں، قوم کے مسائل کا حل صرف اور صرف اللہ کے محبوب حضورؐ کے نظام، نظام مصطفیؐ کے نفاذ میں ہے۔

5

اسلام امن و محبت اور رواداری کا مذہب ہے، برما کے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر یو این او کی خاموشی اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی اور مجرمانہ غفلت ہے۔ مسلم سربراہان مملکت غیرت ایمانی کا عملی مظاہرہ کریں۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین پر عمل کرائے اور بین المذہب رواداری کو فروغ دیا جائے۔ صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ میانمار میں جس بیدردی سے مسلمانوں کو قتل کیا جارہاہے، اسلامی شعائر مساجد، مدارس اور قرآن کریم کو نذر آتش کیا جا رہا ہے، اس پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، وقت آگیا ہے کہ مسلمان خواب غفلت سے بیدار ہوں اور غلا می رسول ﷺ کے رشتے کو مضبوط کریں انشاء اللہ کامیابیوں کے دروازے کھل جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔