اقلیتی نشستوں پر ٹکٹوں کی تقسیم غیر منصفانہ ہے، پی پی منارٹی ونگ

اسٹاف رپورٹر  بدھ 3 اپريل 2013
پیپلزپارٹی منارٹی ونگ کی اراکین نے مطالبات کی منظوری کیلیے باغ ابن قاسم کے سامنے دھرنا دیا ہوا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

پیپلزپارٹی منارٹی ونگ کی اراکین نے مطالبات کی منظوری کیلیے باغ ابن قاسم کے سامنے دھرنا دیا ہوا ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی منارٹی ونگ کے تحت منگل کو کراچی پریس کلب اور بلاول ہائوس کے باہر سندھ کی اقلیتی نشستوں پر پارٹی ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

جس میں پیپلزپارٹی منارٹی ونگ سندھ کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مہر چند، کراچی ڈویژن کے صدر مشتاق مٹھو، مریم یوسف، نوید بھٹی سمیت کارکنان اور اقلیتی عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی، مقررین نے کہا کہ آئندہ انتخابات کیلیے سندھ کی اقلیتی نشستوں پر پارٹی ٹکٹ غیر منصفانہ طور پر دیے گئے ہیں، مخصوص اقلیتی نشستوں کیلیے بعض رہنماؤں نے اپنے ذاتی اور خاندانی تعلقات کی بنیاد پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری کیے ہیں۔

9

ان رہنما ؤں نے پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لیں، کراچی سے اقلیتی نشست پر نوید بھٹی کو ٹکٹ جاری کیا جائے ، بعد ازاں مظاہرین بلاول ہاؤس کی جانب روانہ ہوئے تو پولیس نے انھیں تین تلوار کلفٹن پر روک لیا تاہم انتظامیہ نے بعد میں مظاہرین کو بلاول ہائوس تک جانے کی اجازت دے دی، بلاول ہائوس کے مرکزی گیٹ پر منارٹی ونگ کے رہنمائوں سے صوبائی رہنمائوں راشد ربانی اور وقار مہدی نے مذاکرات کیے اور ان کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔