دھوکے باز سیاستدانوں کے برے دن آگئے، جعلی ڈگری پر 3، دہری شہریت پر ایک کو قید، 3 کی گرفتاری کا حکم

 جاوید ترکئی،  ناصر علی شاہ، علی مدد جتک ۔ فوٹو: فائل

جاوید ترکئی، ناصر علی شاہ، علی مدد جتک ۔ فوٹو: فائل

لاہور / اسلام آباد: سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی امیدواروں کی سخت جانچ پڑتال کے باعث ایسے سیاستدانوں کے برے دن آگئے ہیں جنھوں نے 2008ء کے الیکشن میں جعلی ڈگریاں جمع کرائیں یا دہری شہریت کے حوالے سے دھوکا بازی سے کام لیا۔

منگل کو سپریم کورٹ کے حکم کے پیش نظر دھوکا بازی کرنے والے ایسے سابق ارکان پارلیمنٹ کیخلاف مقدمات کے فیصلوں میں تیزی آگئی۔ سپریم کورٹ کے احکام پرضلعی عدالتوں نے جعلی ڈگری اور دہری شہریت کے مقدمات میں سابق وفاقی وزیرسمیت4 ارکان اسمبلی کوقید اور جرمانے کی سزائیں سنا دیں،3 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے جبکہ ایک ملزم پر فرد جرم عائد کر دی گئی،بلوچستان سے سابق وفاقی وزیر اور این اے 267سے امیدوار قومی اسمبلی ہمایوں عزیز کردکو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سبی سعادت اللہ بازئی نے ایک سال قید بامشقت اور5 ہزارجرمانے کی سزا سنائی، ہمایوں عزیز بھی عدالت میں موجودتھے، انہیں پولیس نے گرفتار کر کے جیل بھجوادیا۔

ہمایوں عزیز کرد نے کہا کہ میری ڈگری جعلی نہیں،ثبوت پیش کرنے کا موقع نہیں دیاگیا، ہائی کورٹ سے رجوع کروں گا،امید ہے عدالت عالیہ میرے ساتھ انصاف کرے گی۔ سرگودھامیں ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عبدالستارنے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے رضوان گل کو دفعہ 199‘82 اور 200 کے تحت 3سال قید اور15 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنا دی، انہیں2010 میں نا اہل قرار دیا گیاتھا، فیصلہ سنتے ہی ملزم عدالت سے فرارہوگیا۔ ڈی آئی خان میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج حیات خان نے سابق ایم پی اے خلیفہ عبدالقیوم کو 6 سال قید اور15ہزار روپے جرمانے کی سزا کاحکم سنایا۔

دفعہ199اور200 کے تحت انہیں3سال قید اور 5ہزار روپے جرمانہ جبکہ دفعہ 471کے تحت3 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانہ کیاگیا،انہیں احاطہ عدالت سے حراست میں لیکرسینٹرل جیل بھیج دیا گیا۔اے پی پی کے مطابق خلیفہ عبدالقیوم کالعدم سپاہ صحابہ کے مرکزی نائب امیر تھے، وہ پی کے 64 سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے منتخب ہوئے تھے جبکہ انھوں نے انتخابات کیلیے اس حلقے کے ساتھ این اے24   سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے اوروہ متحدہ دینی محاذ کے امیدوار تھے، ان کی مدرسہ محمودیہ گنڈی عظیم (بنوں) کی سند کو اس لیے جعلی قرار دیا گیا کہ وہ مدرسہ رجسٹرڈ نہیں تھا۔

ان کے ترجمان نے دعویٰ کیاکہ خلیفہ عبدالقیوم کی ڈگری اصلی ہے،25سے 30 سال قبل مدارس کی رجسٹریشن کا کوئی سلسلہ نہیں تھا،فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائرکر دی ہے،کوئٹہ میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنن جج نوروز ہودنے چوتھی بار بھی مقدمے میں پیش نہ ہونے پرپیپلز پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی ناصر شاہ کو اشتہاری قرار دے کر منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کاحکم دیدیا۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق عدالت نے جے یو آئی(ف) کے سابق رکن قومی اسمبلی مولوی روز الدین کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے۔

2

ساہیوال میں سیشن جج مشتاق احمد تارڑ نے سابق صوبائی وزیر اقبال لنگڑیال کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آج گرفتار کر کے پیش کرنے کاحکم دیا ہے، عدالت نے گواہوں کو بھی 3 اپریل کو طلب کر لیا۔ ڈیرہ غازی خان میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج وجاہت حسین نے سابق رکن پنجاب اسمبلی میر بادشاہ قیصرانی پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے جامشورو یونیورسٹی کے رجسٹراراور کنٹرولر امتحانات کو آج طلب کر لیا، وہ پی پی 240 سے (ن) لیگ کے ٹکٹ پرمنتخب ہوئے تاہم چندماہ قبل وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے،سیشن جج مظفر گڑھ عبدالرحمٰن نیازی نے سابق ایم این اے جمشید دستی کیخلاف سماعت آج تک ملتوی کر دی۔

وکلائے صفائی نے عدالت میں جمشید دستی کی ڈگریوں سے متعلق دستاویزات اور بہائوالدین زکریایونیورسٹی کا سرٹیفکیٹ پیش کیا،دونوں جانب سے دستاویزات اور زبانی شہادتیں مکمل کر لی گئیں، فیصلہ آج ہی متوقع ہے۔ جمشید دستی نے کہا کہ وہ عدالتی کارروائی سے مطمئن ہیں، یقین ہے کہ کلئیر ہو جائیںگے۔ سیشن جج بہاولپورنے سابق ایم این اے ملک عامریار وارن کے کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی جبکہ سیشن جج گجرات نے ن لیگ کے سابق ایم پی اے اوراین اے 105سے امیدوار حاجی ناصرمحمود سے ڈگریوں کا ریکارڈ آج طلب کر لیا، سیشن جج راولپنڈی نے مسلم لیگ ن کے سابق رکن صوبائی اسمبلی شوکت بھٹی کے خلاف سماعت5 اپریل تک ملتوی کر دی۔

ملزم کی طرف سے ہائیکورٹ سے حکم امتناع حاصل کیے جانے کے باعث کارروائی نہیں ہو سکی۔ پشاورمیں سیشن جج شبیرخان کی عدالت نے سابق صوبائی وزیرکھیل سیدعاقل شاہ کے مقدمے میں امریکن انٹرنیشنل کالج آف لاہور کے بورڈ آف گورنرز کا بیان قلمبند کیا، عدالت کو بتایا گیا کہ بی بی اے کی ڈگری جاری کرنے والا نجی کالج منظور شدہ نہیں۔ ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ مقدمے کافیصلہ کل تک کیاجائے۔ دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں آج سابق صوبائی وزیر احسان الدین قریشی کی نا اہلی کیلیے دائر رٹ درخواست کی سماعت آج ہو گی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے بلوچستان سے این اے 161 سے جمعیت علمائے اسلام کے سابق رکن اسمبلی آغامحمدکی شہادت العالیہ کی ڈگری جعلی قرار دے کران کا کیس پشین کے سیشن جج کوبھجوا دیا۔

سابق رکنِ قومی اسمبلی نے اپنی تعلیمی اسناد کے بارے میں الیکشن کمیشن میں نظرثانی کی اپیل دائر رکھی تھی۔ان کا نام آئندہ انتخابات کیلیے بھی پارٹی فہرست میں شامل تھا، جعلی ڈگری پر سزاپانے والے ارکان کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے کیونکہ سپریم کورٹ نے 189سابق ارکان کو ڈگری کی تصدیق کیلیے جمعہ تک کی مہلت دی ہے۔دریں اثنا ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج صوابی نے دہری شہریت کیس میں سابق ایم پی اے خیبر پختونخوااسمبلی انجینئر جاویدخان ترکئی کو دفعہ 83کے تحت ایک سال قید اور5 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی، پولیس نے انہیں حراست میں لے کر جیل منتقل کر دیا، جاوید ترکئی 2008 میں پی کے 32 صوابی 2 سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہوئے تھے۔

ان کے پاس کینیڈاکی شہریت تھی، سیشن جج لاہور نے دہری شہریت کیس میں سابق ایم این اے شہباز شیخ اور سابق ایم پی اے رانا آصف کیخلاف سماعت5 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے مزیدریکارڈ طلب کر لیا، ادھر سپریم کورٹ نے غلام مجتبیٰ کھرل کے دہری شہریت چھوڑنے کے بیان کی تصدیق کیلیے وزارت خارجہ کی جانب سے مزید مہلت طلب کرنے پر سماعت8 اپریل تک ملتوی کردی۔دریں اثناء حلقہ این اے85اورپی پی71و72کے ریٹرننگ افسرایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج اصغر خاں کی عدالت میں گزشتہ روز پی پی72کے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے شیخ اعجازاحمد ایڈووکیٹ کی ایل ایل بی اورسابق ایم پی اے خواجہ اسلام کی اے لیول اور بی اے کی ڈگریوں پر اعتراض کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے آج ریکارڈ طلب کرلیا۔

گلبرگ سی کے رہائشی طاہر احسان نے تحریری اعتراض داخل کرواتے موقف اختیار کیاکہ سابق ایم پی اے شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کی ایل ایل بی کی ڈگری جعلی ہے جس پر ریٹرننگ آفیسر نے شیخ اعجاز احمد ایڈووکیٹ کی ڈگری کا تمام ریکارڈ آج تین اپریل کو طلب کر لیا ہے۔علاوہ ازیں سابق ایم این اے سمیراملک کیخلاف جعلی ڈگری کیس اورالیکشن میںدھاندلی کیس کی سماعت آج ہوگی۔کیس کی سماعت لاہورہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز الحسن کرینگے۔فاضل عدالت نے سمیراملک کے شناختی کارڈکے متعلق محکمہ نادراسے ریکارڈبھی طلب کیاہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔