سی پیک کے جیو اسٹریٹجک پہلو پر تحقیق کرنے کا فیصلہ

حسیب حنیف  منگل 6 مارچ 2018
وزارت پلاننگ کاریسرچ کوباہمی تعاون بڑھانے کیلیے وزارت خارجہ سے شیئرکرنے پرغور۔ فوٹو: فائل

وزارت پلاننگ کاریسرچ کوباہمی تعاون بڑھانے کیلیے وزارت خارجہ سے شیئرکرنے پرغور۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی حکومت کی جانب سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے جیو اسٹریٹجک پہلو پر ریسرچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

’’ایکسپریس‘‘ کوموصول دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سی پیک کے جیو اسٹریٹجک پہلو پر بھی ریسرچ کی جانی چاہیے تاکہ پاکستان کو خطے میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اثرات، تجارت اور اس کے فوائد کے حوالے سے بھی زیادہ سے زیادہ معلومات کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس وقت پاکستان میں سی پیک کے مختلف پہلوؤں پر ریسرچ کا سلسلہ جاری ہے تاہم گزشتہ دنوں سی پیک پر اہم اجلاس میں یہ نکتہ زیر غور آیا کہ پوری دنیا کی نظریں سی پیک پر لگی ہوئی ہیں جس کے باعث اجلاس میں شامل اعلیٰ افسران کی جانب سے ضروری سمجھا گیا کہ سی پیک ریسرچ پروگراموں میں جیو اسٹریٹجک ریسرچ کا پہلو بھی شامل کیا جائے۔

وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسر نے تجویز دی کہ افغانستان اور چاہ بہار کے تناظر میں بھی تحقیق کی جانی چاہیے، وزارت خارجہ نے وزارت منصوبہ بندی کو سی پیک ریسرچ اس سے بھی شیئر کرنے کی تجویز دی تاکہ سی پیک پر دونوں وزارتوں میں تعاون کو بڑھایاجا سکے۔

دستاویز کے مطابق مشرق وسطیٰ سے آنے والی لیبر کیلیے پالیسی تجاویز تیار کرنے پر غور کیا گیا تاکہ اسے سی پیک اقتصادی زونز میں روزگاردیاجاسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔