سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کا الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  بدھ 3 اپريل 2013
جو راستہ میں نے اپنایا وہ بہت دشوار تھا لیکن جاگیردارانہ نظام کے خلاف میں اکیلے نہیں لڑسکتا، جمشید دستی      فوٹو فائل

جو راستہ میں نے اپنایا وہ بہت دشوار تھا لیکن جاگیردارانہ نظام کے خلاف میں اکیلے نہیں لڑسکتا، جمشید دستی فوٹو فائل

ملتان: پیپلز پارٹی کی ٹکٹ پر منتخب ہونے والے سابق رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں نہ وہ حصہ لیں گے نہ ان کے گھر کا کوئی فرد حصہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو راستہ انہوں نے اپنایا وہ بہت دشوار تھا لیکن جاگیردارانہ نظام کے خلاف وہ اکیلے نہیں لڑسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ ایم این اے بنیں گے لیکن غریب اور اجڑے لوگوں نے ان کا ساتھ دیا اور انہیں اپنا نمائندہ منتخب کیا۔

جمشید دستی نے کہا کہ جعلی ڈگری کیس میں وہ ایک دو روز میں گرفتاری دے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نظر آرہا ہے کہ انہیں الیکشن لڑنے نہیں دیا جائے گا اور جب وہ الیکشن نہیں لڑیں گے تو تمام کیسز بھی ختم ہوجائیں گے۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمشید دستی آبدیدہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے جعلی ڈگری کیس میں جمشید دستی پر فرد جرم عائد کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔