جامعہ کراچی؛ فیکلٹی آف انجینئرنگ کی بحالی کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 4 اپريل 2013
یونیورسٹی انتظامیہ نے الیکٹرانک اور بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے قیام کا فیصلہ کرلیا، ابتدائی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔  فوٹو: فائل

یونیورسٹی انتظامیہ نے الیکٹرانک اور بائیومیڈیکل انجینئرنگ کے قیام کا فیصلہ کرلیا، ابتدائی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔ فوٹو: فائل

کراچی:  جامعہ کراچی نے ’’فیکلٹی آف انجینئرنگ‘‘بحال کرنیکافیصلہ کیا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے فیکلٹی آف انجینئرنگ کے تحت عصر حاضرکے تقاضوں کے مطابق دونئے شعبہ جات ’’الیکٹرانک انجینئرنگ‘‘ اور ’’بائیومیڈیکل انجینئرنگ‘‘کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر 3 شعبہ جات ’’کلیہ علوم‘‘(فیکلٹی آف سائنس) سے فیکلٹی آف انجینئرنگ میں منتقل کیے جارہے ہیں۔

جن میں فوڈ سائنس اینڈٹیکنالوجی،کیمیکل انجینئرنگ اور پٹرولیم انجینئرنگ کے شعبے شامل ہے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد قیصرنے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے عصرحاضر کی ضرورت کومد نظررکھتے ہوئے 2 مزید شعبے الیکٹرانک انجینئرنگ اوربائیومیڈیکل انجینئرنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ابتدائی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ان دونوں شعبوں میں تعلیمی سلسلہ آئندہ تعلیمی سیشن 2014 سے شروع کیاجائے گا۔

شعبوں کے قیام اور’’ایکریڈیشن‘‘کے سلسلے میں پاکستان انجینئرنگ کونسل سے بات چیت جاری ہے اورشعبوں کے آغازسے چند ماہ قبل پاکستان انجینئرنگ کونسل کی ٹیم یونیورسٹی کا ’’زیرووزٹ‘‘ کرے گی اور شعبوں کے قیام کے سلسلے میں انفرااسٹرکچر کا جائزہ لیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی میں انجینئرنگ کی فیکلٹی قائم تھی تاہم جب این ای ڈی کالج سے یونیورسٹی کا درجہ دیا گیا تو جامعہ کراچی نے اپنی فیکلٹی ختم کردی لیکن اب وقت کے تقاضے کے پیش نظراور جنرل یونیورسٹی ہونے کے ناطے اس فیکلٹی کودوبارہ بحال کیاجارہاہے، یاد رہے کہ جامعہ کراچی اپنے میڈیکل کالج اورلا کالج کے قیام کا پہلے ہی اعلان کرچکی جس کے تحت ایم بی بی ایس سال اول اورایل ایل بی سال اول میں آئندہ تعلیمی سال سے داخلے دیے جانے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔