ٹیکس نادہندہ 180 کمپنیوں کے بینک کھاتے منجمد کرنے کا انتباہ

احتشام مفتی  جمعرات 4 اپريل 2013
ریکوری کیلیے ایل ٹی یوکراچی سے نوٹسزجاری،15 اپریل تک ادائیگی نہ کرنے پرکھاتے منجمدکردیے جائیں گے، ذرائع

ریکوری کیلیے ایل ٹی یوکراچی سے نوٹسزجاری،15 اپریل تک ادائیگی نہ کرنے پرکھاتے منجمدکردیے جائیں گے، ذرائع

کراچی: ایف بی آرکے ماتحت ادارے لارج ٹیکس پیریونٹ کراچی میں رجسٹرڈٹیکس دہندہ شعبوں کی جانب سے اربوں روپے مالیت کے واجبات کی عدم ادائیگی کی صورت میں 180کمپنیوں کے بینک کھاتے منجمد ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ان لینڈ ریونیو کے شعبہ لیگل نے سیلزٹیکس، انکم ٹیکس اور فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کے واجبات کی ریکوری کے لیے بدھ کو باقاعدہ ایک فہرست مرتب کرلی ہے جس میں آئل اینڈ ایکسپلوریشن، بڑے حجم کی کمپنیاں، بینکنگ، انشورنس اور ٹیکسٹائل سیکٹر کی تقریبا180 کمپنیاں شامل ہیں جن سے 45 ارب روپے سے زائد مالیت کے سیلزٹیکس، انکم ٹیکس اور انکم ٹیکس کی ادائیگیوں کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

7

ذرائع نے بتایا کہ بدھ کو مذکورہ کمپنیوں سے ٹیکس واجبات کی وصولیوں کے لیے لارج ٹیکس پیریونٹ نے 15 اپریل2013 کی ڈیڈ لائن دیدی ہے اور مذکورہ کمپنیوں کو ریکوری کے نوٹسز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ واجبات ایف بی آر کی جانب سے کیے جانے والے آڈٹ کے بعد اضافی ریونیو کی صورت میں وصول کیے جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ کمپنیوں کی جانب سے اگر15 اپریل2013 کی مقررہ ڈیڈ لائن تک ڈیمانڈ شدہ ٹیکسوں کی ادائیگیاں نہ کی گئیں تو ایف بی آر کا لیگل ڈپارٹمنٹ ان کمپنیوں کے بینک کھاتے منجمد کردے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔