پاکستان پوسٹ یوٹیلیٹی اسٹورز پر خصوصی کاؤنٹر قائم کریگا

حسیب حنیف  جمعـء 9 مارچ 2018
جلد معاہدہ، شہریوں کوڈاک ٹکٹ، لفافے، رجسٹری، یو ایم ایس، پارسل کی سہولت دستیاب ہوگی۔ فوٹو: فائل

جلد معاہدہ، شہریوں کوڈاک ٹکٹ، لفافے، رجسٹری، یو ایم ایس، پارسل کی سہولت دستیاب ہوگی۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے اپنا ریونیو بڑھانے کے لیے سرکاری اورنیم سرکاری اداروں کو اپنی سروسز فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان پوسٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی جانب سے شہریوں کو سروسز کی فراہمی کے سلسلے میں ایک معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت پاکستان پوسٹ کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان (یو ایس سی) کی ملک بھر میں پھیلی تمام فرنچائزوں پر پاکستان پوسٹ کا کاؤنٹرقائم کیا جائے گا جس کا مقصد شہریوں کو ڈاک کی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

پاکستان پوسٹ کی جانب سے یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن آف پاکستان (یو ایس سی) کی ملک بھر میں پھیلی 752سے زائد فرنچائزوں پر یہ کاؤنٹر قائم کیے جائیںگے جس کے بعد دوسرے مرحلے میں اس منصوبے کو تو سیع دیتے ہوئے ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورزپر یہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔

اس منصوبے کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور پاکستان پوسٹ دونوں کے ریونیو میں اضافہ ہوگا اور اس منصوبے کی کامیابی کی صورت میں دور افتادہ علاقوں کے لوگوں کو پیغام رسانی کے لیے محکمہ ڈاک کی سہولتوں کے حصول میں بھی آسانیاں پیداہوں گی۔ اس منصوبے کو پہلے مرحلے میں دور افتادہ علاقوں سے شروع کیا جائے گا اور بعد ازاں شہروں تک توسیع دی جائے گی۔

اس معاہدے کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن شہریوں کو پاکستان پوسٹ کی رجسٹری، ڈاک ٹکٹ، لفافے، ارجنٹ میل سروس اور پارسل کی سروسز فراہم کرے گا جس کے بدلے میں پاکستان پوسٹ 10روپے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو کمیشن دے گا۔

اس مقصد کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان دن بھر کے جمع ہونے والی سیل کو دفتری اوقات کے بعد نزدیکی پوسٹ آفس یا جی پی او میں جمع کر ادے گا اور وہاں سے اگلے دن کے لیے لفافے، ڈاک ٹکٹ اور دیگر سامان لیا کر ے گا۔ پاکستان پوسٹ کی جانب سے اپنے ریونیو میں اضافے کے لیے مختلف اقسام کی سروسز شروع کی جا رہی ہیں۔

اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں پاکستان پوسٹ اور نیشنل بینک آف پاکستان نے گزشتہ دنوں ایک دوسرے کے صارفین کو سہولتوں کی فراہمی کے لیے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت پاکستان پوسٹ کی جانب سے نیشنل بینک کے صارفین کو دوردراز علاقوں میں رقوم کی منتقلی اوردورافتادہ علاقوں کے ڈاک خانوں میں اے ٹی ایم کی تنصیب جیسی سہولتیں فراہم کی جائیں گی جبکہ نیشنل بینک کی جانب سے بھی پاکستان پوسٹ کو ادائیگیوں اور کیش مینجمنٹ میں معاونت دی جائے گی۔

اسی طرح پاکستان پوسٹ کی جانب سے سروسز کی فراہمی کے لیے مختلف محکموں سے معاہد ے کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کامقصد ادارے کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے۔ پاکستان پوسٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کا رپوریشن کے درمیان سروسز کی فراہمی کے لیے آئندہ چند دنوں میں معاہدہ طے پائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔