ایشین ٹی 20 چیمپئن کا تاج افغانستان کے سر سج گیا

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 4 اپريل 2013
فائنل میں نیپال کو7 وکٹ سے شکست،آل رائونڈ کارکردگی پر گلبدین نائب مین آف دی میچ، متحدہ عرب امارات نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی. فوٹو: وکی پیڈیا

فائنل میں نیپال کو7 وکٹ سے شکست،آل رائونڈ کارکردگی پر گلبدین نائب مین آف دی میچ، متحدہ عرب امارات نے تیسری پوزیشن حاصل کرلی. فوٹو: وکی پیڈیا

کھٹمنڈو: افغانستان نے ایشین کرکٹ کونسل ٹی20 چیمپئن کا تاج سر پر سجا لیا، فائنل میں میزبان نیپال کو7 وکٹ سے شکست کا صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر گلبدین نائب مین آف دی میچ قرار پائے، نیپالی کرکٹر پارس کھاڈکا کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی چناگیا، افغانی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے چاروں اے سی سی ٹی 20 کپ اپنے نام کیے ہیں، حالیہ ایونٹ میں متحدہ عرب امارات نے ہانگ کانگ کو 32 رنز سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق ٹرائی بھون یونیورسٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم کرتیپور میں فیصلہ کن معرکے کا ٹاس افغان کپتان غلام نبی نے جیت کر میزبان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، دوسرے اوور کی پہلی گیند پر گلبدین نائب نے وکٹ کیپر بیٹسمین سبھاش کھاکھورل (10)کوفضل اللہ کی مدد سے پویلین بھیج دیا، اس وقت ٹیم کا اسکور11 تھا۔

دوسری وکٹ بھی گلبدین کے حصے میں آئی جنھوں نے دوسرے اوپنر پرادیپ ایری کو1 رن پر نجیب اللہ زدران کے ہاتھوں کیچ کرا دیا،گیانیندرا مالا (10) آئوٹ ہونے والے تیسرے بیٹسمین رہے، انھیں شاہ پور زدران نے اپنا شکار بنایا، 23 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان پارس کھاڈکا اوربینود بھنڈاری نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں71رنز بنا کر مجموعہ94تک پہنچادیا، بھنڈاری 32 کے انفرادی اسکور پرحمزہ ہوتک کی گیند پرآفتاب عالم کا کیچ بن گئے، 114 کے مجموعی اسکور پر شاہ پور زدران نے ڈائریکٹ تھرو پر حریف کپتان کی50 رنز کی اننگز پر بھی فل اسٹاپ لگادیا، نیپال کی چھٹی وکٹ118کے اسکورپرگری جب بسکوٹا2 پر رن آئوٹ ہوگئے۔

 

6

میزبان سائیڈ نے جزوقتی بولر محمدنبی کے2 اوورز میں31رنز بٹورے اور اسکور بورڈ پر136رنز کا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب رہی،گلبدین نائب نے4 اوورز میں20 رنز دیکر 2 وکٹیں اپنے نام کیں، شاہ پور زدران نے4 اوورز میں15 کے عوض ایک وکٹ لی، 136 کے ہدف کا تعاقب کرنے والی افغان ٹیم کو6 اوورز میں 43 رنز کا اچھا آغاز مل گیا، صادق کریم 25 گیندوں پر ایک چھکے اور5 چوکوں کی مدد سے32 رنز بنانے کے بعد جلدبازی میں رن لیتے ہوئے بسکوٹا کی بائونڈری سے پھینکی جانے والی تھرو پر وکٹ کھوبیٹھے، نجیب اللہ زدران نے افتتاحی بیٹسمین گلبدین نائب کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 16 گیندوں پر25 جوڑ کر ٹیم کی فتح کو آسان بنادیا۔

68 رنز پر نجیب اللہ(15) کوشکتی گائوچن نے گیانیندرا مالا کے ہاتھوںکیچ کراتے ہوئے پویلین بھیجا، سمیع اللہ شنواری 9 رنز پر ہمت ہار گئے انھیں کپتان پارس نے قابو کیا، افغان کپتان محمد نبی نے اوپنر گلبدین نائب کے ساتھ مل کر 54 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ بناتے ہوئے ٹیم کو لگاتار چوتھی مرتبہ ایشین کرکٹ کونسل ٹی20 کپ کا چیمپئن بنا دیا، کپتان 23 گیندوں پر38 اور مرد میدان گلبدین نائب 25 بالز پر32 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر فاتح ٹیم کے گلبدین نائب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، میزبان نیپالی کپتان پارس کھاڈکا ٹورنامنٹ کے بہترین پلیئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

میچ کے اختتام پر افغان کپتان نے فتح کو انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ نومبر میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی تیاریوں کیلیے اہم ثابت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ مقابلوں میں نوجوان پلیئرز کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرتے ہوئے کوشش کی کہ مستقبل کیلیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دے پائیں، انھوں نے حوصلہ افزائی پر نیپالی عوام کا شکریہ ادا کیا، دریں اثنا تیسری پوزیشن کے مقابلے میں متحدہ عرب امارات نے ہانگ کانگ کو 32 رنز سے شکست دیدی، ناکام ٹیم167 رنز کے تعاقب میں134 ہی بناسکی، فاتح سائیڈ نے 7 وکٹ پر 166 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، امجد جاوید نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 51 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، تنویر افضل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہانگ کانگ کی ٹیم 8 وکٹ پر 134 رنز اسکور کرپائی، کپتان وقاص برکت 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،شدیپ سلوا نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔