جسم کے گرد دنیا کا سب سے بڑا چھلا گھمانے کا عالمی ریکارڈ

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
زیر نظر تصویر میں یوہا یاماڈا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی سند کے ساتھ ہیں۔ فوٹو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ویب سائٹ

زیر نظر تصویر میں یوہا یاماڈا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی سند کے ساتھ ہیں۔ فوٹو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ ویب سائٹ

ٹوکیو: آپ نے اسکول کے بچوں کو دیکھا ہوگا کہ وہ کس طرح پلاسٹک کا ایک حلقہ (رنگ) اپنی کمر کے گرد گھماتے ہیں۔ اس چھلے کو ’ہولا ہوپ‘ کہتے ہیں جس سے کھیلنے کے لیے بڑی مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اب ایک جاپانی ماہرنے دنیا کا سب سے بڑا چھلا اپنے جسم کے گرد گھما کر عالمی ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ المونیم سے بنائے گئے اس چھلے کا گھیر 5.14 میٹر یعنی 16 فٹ 10 انچ ہے۔

یاد رہے کہ ہولا ہوپ جتنا بڑا ہوگا اسے سنبھالنے میں اتنی ہی مشقت اور مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی بنا پر یوہو یاماڈا کو ’ہوپ مین یویا ‘ کہتے ہیں۔ وہ اپنے سر اور دھڑ سے بیک وقت چھلا گھمانے کے بھی ماہر ہیں اور ایک وقت میں بہت سے ہولا ہوپ بہت آسانی سے سنبھال سکتے ہیں۔

یوہو یاماڈا نے اب المونیم کے ایک بہت بڑے چھلے کو اپنے جسم پر گھمانے کا کامیاب مظاہرہ کیا ہے۔ اس چھلے کو گھمانا بہت مشکل ہے کیوں کہ اسے پلاسٹک کی بجائے المونیم سے بنایا گیا ہے۔ اس سائز کے بھاری بھرکم ہولا ہوپ کو گردش دینے کے لیے غیرمعمولی مشق اور مہارت کی ضرورت ہوتی ہے اسی بنا پر جاپانی اسے ایک مشکل فن سے تعبیر کرتے ہیں۔

حال ہی میں یوہا یاماڈا نے اسے گھمانے کا ایک ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گزشتہ برس نومبر میں ایک کھلاڑی ایشریٹا فرماں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کا عملی مظاہرہ انہوں نے یوکوہاما میں کیا ہے جس کے بعد انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ بھی پیش کردیا گیا ہے۔ یاماڈا نے کہا کہ مجھ پر دباؤ تھا کہ میں اس کھیل میں جاپان کے لیے کوئی ریکارڈ بناؤں اور میں کئی ماہ سے اس کے بارے میں سوچ رہا تھا۔ میں خوش ہوں کہ میں نے یہ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔