منفرد موضوعات پر بنی فلمیں ہی توجہ کا مرکز بنتی ہیں، ارمینا رانا خان

قیصر افتخار  ہفتہ 10 مارچ 2018
پاکستانی فلم کوکامیابی کی طرف لے جانے کیلیے سب کومل کرکام کرنے کی ضرورت ہے،اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

پاکستانی فلم کوکامیابی کی طرف لے جانے کیلیے سب کومل کرکام کرنے کی ضرورت ہے،اداکارہ کی ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  اداکارہ و ماڈل ارمینا رانا خان نے کہا ہے کہ منفرد موضوعات پر بنائی جانے والی فلمیں ہمیشہ ہی شائقین کی توجہ کا مرکزبنتی ہیں۔

’’ایکسپریس‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے ارمینا رانا خان نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں کہ حقیقت کے قریب اور منفرد موضوعات پر بنائی جانے والی فلمیں ہمیشہ ہی شائقین کی توجہ کا مرکزبنتی ہیں۔ ہالی ووڈ جیسی دنیا کی سب سے بڑی فلم نگری میں ویسے توجدید ٹیکنالوجی سے حیرت انگیز فلمیں بنائی جاتی ہیں لیکن حقیقت کے قریب تربننے والی فلمیں اپنی مثال آپ ہوتی ہیں تاہم اگریہی سلسلہ پاکستان میں شروع کردیا جائے توانٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی فلم کونمایاں مقام ملے گا۔

ارمینا رانا خان نے کہا کہ بطور اداکارہ بہت سے ڈراموں میں کام کیا اوراس کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہردکھائے ہیں لیکن آج بھی میری اولین ترجیح حقیقی کہانیاں ہی ہیں۔ بلاشبہ پاکستانی ڈرامہ اپنی مثال آپ ہے۔ منفردموضوعات اورسُلجھے ہوئے فنکاروں پرمشتمل ٹیم کے ساتھ جب کام کرنے کا موقع ملتا ہے توایک فنکار بہتر انداز سے اپنی صلاحیتوں کااظہارکرپاتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ارمینا رانا خان نے کہا کہ اس وقت پاکستانی فلم ایک نئی سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔  مختلف موضوعات پر فلمیں بنائی جارہی ہیں لیکن ہالی ووڈ کی طرح ہمارے ہاں بھی بننے والی فلموں کے موضوعات حقیقت کے قریب ہونے بہت ضروری ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ اب لوگوں کو مزاج بدل رہا ہے اورانھیں اچھی فلمیں دکھانے کی ضرورت ہے۔ ویسے بھی حقیقی موضوعات کی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کی اداکاری کوبہت سراہا جاتا ہے۔ ان فنکاروں کی فلم دیکھنے کیلیے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد سینما گھروں کا رخ کرتی ہے وہیں انھیں قدر کی نگاہ سے بھی دیکھا جاتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔