کم عمر لڑکی کی 55 سالہ شخص سے شادی کروانے پر باپ اور شوہر گرفتار

نامہ نگار  اتوار 11 مارچ 2018
ایکسپریس میں خبر کی اشاعت پر پولیس حرکت میں آ گئی، عدالت نے بی بی کامیڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔فوٹوفائل

ایکسپریس میں خبر کی اشاعت پر پولیس حرکت میں آ گئی، عدالت نے بی بی کامیڈیکل کرانے کا حکم دیدیا۔فوٹوفائل

مٹھی: باپ کے15 سالہ بیٹی 55 سالہ شخص کے ہاتھوں فروخت اور شادی کرنے کی خبریں شائع ہونے پر چیلہار پولیس نے لڑکی بی بی میگھواڑ، اس کے والد فلومل اور 55 سالہ شوہر پونو مل کو مٹھی کی عدالت میں پیش کر دیا۔

چیلہار کی 15 سالہ لڑکی بی بی کی 55 سالہ شخص سے رقم کے عوض شادی کی خبر ایکسپریس اخبار میں شائع ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ پولیس نے لڑکی کے والد، بوڑھے شوہر اور لڑکی کو عدالت میں پیش کر دیا۔

جوڈیشل میجسٹریٹ مٹھی کی عدالت نے لڑکی کی درست عمر کے تعین کے لیے پولیس کو میڈیکل کرانے کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی کی ہدایت کر دی۔ چیلہار پولیس نے لڑکی کے والد فلو مل، شوہر پونومل کو گرفتارکر کے جیل بھیج دیا۔

ایس ایچ او حسین بخش راجڑ نے میڈیا کو بتایا کہ کم عمر لڑکی کی بڑی عمر کے شخص سے شادی کرانے پر والد، شوہر، ہندو مہاراج اور شادی کرانے کے مرکزی کردار پر مقدمہ درج کیا جائے گا۔ عدالتی حکم پر لڑکی کو عمر کے تعین کیلیے حیدرآباد میں میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔