چینی شخص کے دماغ سے کیچوے کے 30 انڈے برآمد

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
ڈاکٹر ینگ منگ نے آپریشن کرکے مریض کے دماغ سے  کیچوے کے 30 انڈے نکال لیے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

ڈاکٹر ینگ منگ نے آپریشن کرکے مریض کے دماغ سے کیچوے کے 30 انڈے نکال لیے۔ فوٹو : انٹرنیٹ

بیجنگ: چین میں 46 سالہ شخص کے دماغ کا آپریشن کر کے کیچوے کے 30 انڈے نکال لیے گئے، کئی انڈوں میں لاروا بھی موجود تھے۔

چین کے اسپتال گوئزہو میں 46 سالہ وو منگ شنگ کو سر میں درد، الٹی و متلی اور قوت بصارت میں کمی کے باعث اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ابتدائی تشخیص کے طور پر کہا گیا کہ دماغ میں پانی جمع ہوگیا ہے تاہم سی ٹی اسکین میں حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ مریض کے دماغ میں انڈوں جیسی چیزیں موجود ہیں جس کے بعد دماغ کے آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔

گوئزہو اسپتال کے ماہر امراض دماغ و نیورون ڈاکٹر ینگ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب آپریشن کر کے مریض کے دماغ سے 30 ٹیپ ورم اور چند طفیلیے بھی نکال لیے جو کہ کیچوے کے انڈوں (ٹیپ ورم ) سے اپنی غذا حاصل کر رہے تھے۔ مریض وومنگ شنگ آپریشن کے بعد روبہ صحت ہیں اور انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں فزیشن کے زیر نگرانی دماغ میں رہ جانے والے طفیلیے اور لاروا کو دواؤں کی مدد سے ختم کیا جارہا ہے۔

ڈاکٹر ینگ منگ نے برطانوی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مریض کے دماغ میں جھلی نما شے موجود تھی جس میں 30 ٹیپ ورم تھے جن میں سے کئی ایک لاروا میں منتقل ہوچکے تھے جنہیں آپریشن کے بعد نکال دیا گیا ہے تاہم کچھ لاروا دماغ کے دیگر حصوں میں جا گھسے تھے جنہیں دواؤں کی مدد سے ختم کردیا جائے گا۔

ڈاکٹر ینگ کا کہنا ہے کہ گوشت سبزی اور پھل میں کیچوے سمیت دیگر زیرزمین رہنے والے کیڑوں کے انڈے موجود ہو سکتے ہیں، اگر گوشت اور سبزی کو دھوئے اور پکائے بغیر استعمال کرلیا جائے تو عین ممکن ہے کہ یہ انڈے جسم میں خون کے ذریعے دماغ سمیت کسی بھی حصے میں پہنچ سکتے ہیں اور وہاں پرورش بھی پاسکتے ہیں اس لیے گوشت اور سبزی کو کھانے سے قبل مکمل طور پکالینا چاہیے جس سے ان میں موجود انڈے اور لاروے اپنی موت آپ مر جاتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔