پیرس میں منشیات اسمگلنگ کیس میں پی آئی اے کا ایک اور اہلکار گرفتار

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
فرانسیسی کسٹمز حکام کی پیرس کے ہوٹل میں پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کے عملے سے تفتیش فوٹو:فائل

فرانسیسی کسٹمز حکام کی پیرس کے ہوٹل میں پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کے عملے سے تفتیش فوٹو:فائل

 راولپنڈی: فرانسیسی حکام نے منشیات اسمگلنگ کیس میں پی آئی اے کے پورے عملے سے تفتیش کی جس کے دوران ایک اور اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فرانسیسی کسٹمز حکام نے منشیات برآمدگی کیس میں پیرس کے ہوٹل میں موجود پی آئی اے اسٹاف سے تفتیش کی۔ ذرائع کے مطابق فرانسیسی حکام نے پی آئی اے کے ایک اور فلائٹ اسٹیورڈ کو ہوٹل سے گرفتار کرلیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا فلائٹ اسٹیورڈ منشیات رکھنے کے الزام میں گرفتار

گرفتار فضائی میزبان کا نام محمد عامر معین علیزئی ہے جس کا تعلق لاہور سے ہے۔ پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کا عملہ پیرس سے آج وطن واپس پہنچے گا اور ملزم عامر کا نام واپس آنے والے اسٹاف کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

گزشتہ روز اسلام آباد سے فرانس کے دارالحکومت پیرس پہنچنے والی پی آئی اے کی پرواز ’پی کے749‘ کے فلائٹ اسٹیورڈ تنویر گلزار کو منشیات برآمد ہونے پر فرنچ پولیس نے گرفتار کرلیا تھا۔ ملزم سے چار کلو ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔