ختم نبوت ﷺ ترمیم کے باعث خواجہ آصف پر سیاہی پھینکی، ملزم

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
ملزم مظفرپور کا رہائشی ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، پولیس فوٹو:اسکرین گریب

ملزم مظفرپور کا رہائشی ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں، پولیس فوٹو:اسکرین گریب

سیالکوٹ: وفاقی وزیرِ خارجہ خواجہ آصف پر سیاہی پھینکنے والے نوجوان کا کہنا ہے کہ اس نے یہ قدم اس لئے اٹھایا کہ (ن) لیگ نے ختمِ نبوت ﷺ سے متعلق ترمیم کی تھی۔

سیالکوٹ میں گزشتہ روز ایک تقریب میں وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف پر ایک نوجوان نے سیاہی پھینک دی تھی جسے فوری طور پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔ پولیس حکام نے ملزم کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیاہی پھینکنے والا نوجوان مظفرپور کا رہائشی ہے اور اس کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سیالکوٹ میں خواجہ آصف کے چہرے پر سیاہی پھینک دی گئی

پی ٹی آئی رہنماء عثمان ڈار نوجوان کا ویڈیو بیان سامنے لے آئے جس کے مطابق نوجوان نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میرا نام فیض الرسول ہے اور میرا کسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، میں ن لیگ کا ووٹر ہوں اور ہمیشہ ن لیگ کو سپورٹ کیا لیکن ن لیگ نے ختم نبوت پر حملہ کیا اور لاکھوں ووٹ لے کر اسمبلی جانے والوں نے بغیر پڑھے ایسا قانون کیوں پاس کیا جس پر میں نے یہ عمل کیا۔

نوجوان نے مزید کہا کہ حکومت راجہ ظفر الحق کی رپورٹ شائع کر کے مجرموں کو سزا دے، سیاہی پھینکنے کے جرم میں مجھے پھانسی بھی دے دیں کوئی غم نہیں، حکومتی اراکین پبلک میں جہاں جائیں گے ایسا ہی ہو گا، مزید نقصان سے بچنے کے لیے لیگی اراکین توبہ کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔