زرداری اور نیازی کے گٹھ جوڑ کو دفن کردیں گے، شہباز شریف

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
شہباز شریف کا گوجرانوالہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان ۔ فوٹو : فائل

شہباز شریف کا گوجرانوالہ میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان ۔ فوٹو : فائل

گوجرانوالہ: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ زرداری اور نیازی آپس میں مل گئے ہیں لیکن ہم ان دونوں کے گٹھ جوڑ کو دفن کر دیں گے، انہوں نے گوجرانوالہ میں یونیورسٹی اور ڈسٹرکٹ اسپتال میں سرجیکل ٹاور بنانے کا اعلان بھی کیا۔

گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج زرداری اور نیازی آپس میں مل گئے ہیں، دونوں نے اپنے صوبوں میں کچھ نہیں کیا، زرداری اور نیازی دونوں اپنے صوبوں میں شکل دکھانے کے قابل نہیں رہے، کراچی کو برباد اور پشاور کی روشنیاں ختم کردی گئیں، ہم نے عوام کی خدمت کا کام کیا ہے، اللہ کو منظور ہوا تو زرداری اور نیازی کے گٹھ جوڑ کو دفن کردیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اربوں روپے کی لاگت سے اسپتال، تعلیمی ادارے بنائے، موبائل اسپتال عوام کی خدمت کررہے ہیں، تمام منصوبوں میں شفافیت کے ساتھ کام کیا، گندم کی آمد آمد ہے جسے حکومت بہترین قیمتوں میں خریدے گی اور عوام کو خوشحال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین مجھ پر الزامات لگاتے ہیں لیکن میں خدمت سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، اگلا الیکشن آنےوالا ہے آپ سے بہتر کوئی منصف نہیں، ہماری  کارکردگی  دیکھ کر آپ کو فیصلہ کرنا ہے کہ کسے ووٹ دینا ہے، ہمیں خدمت کا موقع ملا تو پاکستان  کا ہر شہر اور گاؤں پنجاب اور لاہور بنادیں گے۔

شہباز شریف نے گوجرانوالہ میں یونیورسٹی اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں سرجیکل ٹاور بنانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے گوجرانوالہ میں میٹرو بس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خدا نے موقع دیا تو الیکشن کے بعد گوجرانوالہ کو ایک شاندار میٹرو دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔