لاہور قلندرز کی سپر اوور میں کراچی کنگز کو شکست

ویب ڈیسک  اتوار 11 مارچ 2018
لینڈلی سمنز نے 55 اور بابر اعظم نے 61 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی

لینڈلی سمنز نے 55 اور بابر اعظم نے 61 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی

 دبئی: لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں کراچی کنگز کو شکست دیدی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 164 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 163 رنز بنائے جس کے باعث میچ برابر ہوگیا اور پھر میچ کا فیصلہ سپر اوور میں کیا گیا جس میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 4 رنز سے شکست دیدی۔

قبل ازیں کراچی کنگز کے 164 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈیو سچ اور فخر زمان نے کیا لیکن اوپننگ شراکت زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور ڈیو سچ 26 کے مجموعی اسکور پر 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ڈیو سچ کے آؤٹ ہونے کے بعد ون ڈاؤن آنے والے آغا سلمان اور اوپنر فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور 63 رنز کی شراکت قائم کی، فخر زمان 89 کے مجموعی اسکور پر عماد وسیم کی گیند پر انگرام کو کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد سنیل نارائن ایل بی ڈبلیو ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

103 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان برینڈن مک کولم اور آغا سلمان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، آغا سلمان نے نصف سنچری اسکور کی تاہم عثمان خان کی گیند پر باؤنڈری لائن پر لینڈلی سمنز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ دوسری ہی گیند پر کپتان برینڈن مک کولم بھی آؤٹ ہوگئے۔

آخری اوور میں لاہور کو جیت کے لیے 15 رنز درکار تھے جس پر سہیل اختر نے پہلے چوکا اور پھر چھکا لگاکر میچ کو سنسنی خیز بنادیا تاہم اگلی ہی گیند پرمک کلیناگھم رن آؤٹ ہوگئے، آخری بال پر لاہور قلندرز کو جیت کے لیے 3 رنز کی ضرورت تھی لیکن سہیل اختر باؤنڈری لائن پر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ امپائر نے آخری گیند نو بال قرار دیدی جس کے باعث میچ سپر اوور میں داخل ہوگیا۔

سپر اوور میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 2 وکٹ کے نقصان 11 رنز بنائے جس کے جواب میں کراچی کنگز ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 8 رنز ہی بناسکی۔

اس سے قبل لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز لینڈلی سمنز اور جوئے ڈینلی نے کیا تاہم صرف 19 کے مجموعی اسکور پر جوئے ڈینلی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم اور لینڈلی سمنز نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا، دونوں کھلاڑیوں نے 72 رنز کی شراکت قائم کی اور لینڈلی سمنز نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 55 رنز کی اننگ کھیلی تاہم 91 کے مجموعی اسکور پر لینڈلی سمنز سہیل خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لینڈلی سمنز کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور کولن انگرام نے 33 رنز کی شراکت قائم کی تاہم کولن زیادہ دیر وکٹ پر کھڑے نہ رہ سکے اور 12 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، بابر اعظم نے 49 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی تاہم وہ سہیل خان کی گیند پر سنیل نارائین کو کیچ دے بیٹھے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد شاہد آفریدی وکٹ پر آئے اور پہلی ہی گیند پر چھکا لگادیا لیکن شاہین آفریدی نے دوسری ہی بال پر انہیں بولڈ کردیا، روی بوپارہ نے 13 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے، لینڈلی سمنز اور بابر اعظم کی نصف سنچری کی بدولت کراچی کنگز مقررہ اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 163 رنز ہی بنا سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔