آئن اسٹائن کا مشہور وائلن 5 کروڑ روپے میں نیلام

ویب ڈیسک  پير 12 مارچ 2018
نو مارچ کو آئن اسٹائن کا ایک وائلن 5 کروڑ 20 لاکھ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ فوٹو: بشکریہ نیو اٹلس

نو مارچ کو آئن اسٹائن کا ایک وائلن 5 کروڑ 20 لاکھ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ فوٹو: بشکریہ نیو اٹلس

نیویارک: طبیعیات کی دنیا کے عظیم انسان آئن اسٹائن نے اپنی زندگی سادگی سے گزاری لیکن اب اس کی اشیا لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں روپے میں فروخت ہورہی ہیں۔

نہانے کے صابن سے شیو کرنے والے اور اکثر ریلوے کی تھرڈ کلاس میں سفر کرنے والے آئن اسٹائن کا مشہور وائلن نیویارک میں 5 کروڑ روپے میں فروخت ہوا ہے۔

بونہم نیویارک آکشن میں کچھ روز قبل آئن اسٹائن کا مشہور وائلن 516,500 ڈالر میں نیلام ہوا جو قریباً 5 کروڑ 20 لاکھ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔ نادر اور پرانی اشیا کے ماہر کہتے ہیں کہ آئن اسٹائن کی شہرت مارلن منرو اور لیڈی ڈیانا سے بھی بڑھ کر ہے کیونکہ اس نے جس شے کو ہاتھ لگایا گویا وہ سونے کی ہوگئی۔

اسی نیلامی میں اس آئن اسٹائن کے زیر استعمال ایک دوربین ساڑھے 4 کروڑ اور کاغذ پر اس کے ہاتھوں کے نشانات بھی بہت مہنگے داموں فروخت ہوئے۔

فروخت ہونے والے وائلن کو پنسلوانیا کی ایک کمپنی ہیرسبرگ سمفنی آرکیسٹرا نے تیار کیا تھا جس پر کندہ کیا گیا کہ یہ وائلن دنیا کے عظیم سائنس دان سے موسوم کیا جارہا ہے۔ اسے ایک ماہر آسکر اسٹیگر نے تیار کیا تھا اور 1933ء میں آئن اسٹائن کے حوالے کیا تھا۔ اس کے بعد یہ وائلن پرنسٹن یونیورسٹی میں ایک شخص لارنس ہبس کو دے دیا تھا جو وائلن بجانے کا ماہرتھا اور تب سے اب تک یہ وائلن اس خاندان کے پاس موجود تھا۔

آئن اسٹائن بہترین وائلنسٹ تھا اور 6 سال کی عمر سے وہ اس پر مہارت رکھتا تھا۔ آئن اسٹائن کے مطابق موسیقی سے اسے خوشی ملتی ہے یہاں تک کہ وہ ہرجگہ اپنے وائلن کو ضرور لے جاتا تھا۔

اسی نیلامی میں آئن اسٹائن کی جیبی گھڑی 3 کروڑ 60 لاکھ روپے اور اس کے بچپن کا ایک کھلونا 84 لاکھ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ آئن اسٹائن کی ایک چرمی جیکٹ کے بارے میں خیال کیا جارہا تھا کہ وہ 55 سے 80 لاکھ روپے میں فروخت ہوجائے گی لیکن وہ بھی ڈیڑھ کروڑ روپے میں نیلام ہوگئی۔

واضح رہے کہ 2010ء میں آئن اسٹائن کی کھوپڑی کا ایکس رے 40 لاکھ روپے میں نیلام ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔