چیئرمین سینیٹ رضاربانی کے دور میں 115 نجی بل پیش ہوئے

تنویر محمود راجہ  پير 12 مارچ 2018
پہلی بارعوام کوسستا اورفوری انصاف فراہم کرنے کیلیے قانون سازی کی گئی۔ فوٹو:فائل

پہلی بارعوام کوسستا اورفوری انصاف فراہم کرنے کیلیے قانون سازی کی گئی۔ فوٹو:فائل

اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کے تین سالہ دور میں ایوان بالا میں 115 پرائیویٹ ممبر بل پیش کیے گئے۔

ایکسپریس کودستیاب سینیٹ دستاویزات کے مطابق میاں رضا ربانی کے بطور چیئرمین سینیٹ کے42 سیشن ہوئے، 21مارچ2015ء سے چیئرمین سینیٹ کا عہدہ سنبھالتے ہی میاں رضا ربانی کی جانب سے آئینی اقدامات کا آغاز’’پارلیمان میں وقار اور شفافیت کی بحالی‘‘ کے عنوان سے متعارف کرائے گئے ایک منصوبے کے تحت کیا گیا۔

اس عرصے کے دوران ایوان میں انتخابات (ترمیمی) بل2017، انسداددہشت گردی(ترمیمی) بل 2017ء ، فوجداری قوانین(ترمیمی) بل2017ء ، وفاقی تحقیقاتی کمیشن بل2017ء ، پولیس (ترمیمی) بل 2017ء، انسداد منی لانڈرنگ(ترمیمی)بل، پاناما پیپرز تحقیقاتی بل2016ء ، معلومات تک رسائی بل2016ء ، سول کورٹس (ترمیمی) بل2016ء ، سمیت115پرائیویٹ ممبر بل پیش کیے گئے۔

سینیٹ کو قومی اسمبلی کی طرف سے انتخابات (ترمیمی) بل،کریڈٹ بیورو بل2015ء ، لیگل پریکٹیشنرز بار کونسلز (ترمیمی) بل2015ء، سول سرونٹس (ترمیمی) بل 2015ء، انتخابی حلقہ بندیاں(ترمیمی) بل2015ء، پاکستان حلال اتھارٹی بل2015 ء، ہندو میرج بل2016، انسداد بے نامی ٹرانزیکشنز بل2016 سمیت67 حکومتی بل اور9پرائیویٹ ممبر بلز موصول ہوئے۔

آخری پارلیمانی سال کے دوران ایوان بالا میں98 فیصدکارروائی مکمل کرتے ہوئے50بل جبکہ69 قراردادیں منظورکی گئیں۔اس دوران112توجہ دلاؤ نوٹسز اور117تحاریک التواء زیر غور لائی گئیں۔اس عرصے کے دوران پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار سینیٹ نے پاکستان کی عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے قانون سازی کی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔