پاک بحریہ کے جہاز عالمی میری ٹائم دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچ گئے

خبر ایجنسیاں  پير 12 مارچ 2018
پی این ایس ہمت اور بسول کی قیادت کموڈورمحمد فیصل عباسی بطورمشن کمانڈر کر رہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

پی این ایس ہمت اور بسول کی قیادت کموڈورمحمد فیصل عباسی بطورمشن کمانڈر کر رہے ہیں۔ فوٹو: آن لائن

اسلام آباد: پاک بحریہ کے جہاز دوحہ انٹرنیشنل میری ٹائم دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے دوحہ پہنچ گئے۔ 

دوحہ انٹرنیشنل میری ٹائم دفاعی نمائش میں شرکت کے لیے پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس ہمت اور پاک میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا جہاز بسول دوحہ پہنچ گئے، اس بحری بیڑے کی قیادت کموڈور محمد فیصل عباسی بطور مشن کمانڈر کر رہے ہیں، دنیا بھر سے بحری افواج اور سیکیورٹی ایجنسیز ہردوسال بعد اس عالمی نمائش کی میزبانی کرتی ہیں۔

پاک بحریہ جدید اور مقامی سطح پر تیارکیے جانے والے جہازوں کے ساتھ اس نمائش میں باقاعدگی کے ساتھ شریک ہوتی ہے،اس نمائش میں شرکت کرنے والے پاکستان کے دونوں جہازوں کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

جدید ترین ہتھیاروں اور سنسرز سے لیس پی این ایس ہمت فاسٹ اٹیک کرافٹ ہے،مقامی تیار کیا جانے والا حربہ میزائل سسٹم بھی اس پرنصب ہے جو مختلف النوع خطرات سے بھرپورحالات میں مختلف نوعیت کے ٹاسک انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ بسول، ہنگول کلاس جہاز ہے جو مختلف آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا ہے۔یہ جہازچین میں تیارکیا گیا جومیر ی ٹائم نگرانی کے جدید سسٹم سے لیس ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔