فلوریڈا کے دریا کنارے واقع شادی ہال تیرتے مکان میں تبدیل

خبر ایجنسی  پير 12 مارچ 2018
قیمت 4لاکھ 25 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی،ایک رات قیام کا کرایہ 345 ڈالر ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

قیمت 4لاکھ 25 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی،ایک رات قیام کا کرایہ 345 ڈالر ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا

فلوریڈا: امریکی ریاست فلوریڈا کے دریا مناٹی کے کنارے واقع شادی ہال کو اچھی خاصی سرمایہ کاری اور محنت کے بعد تیرتے ہوئے خوبصورت مکان کی شکل دے دی گئی ہے۔

فلوریڈا کے دریا مناٹی کے کنارے واقع شادی ہال کی قیمت 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے، 67سالہ سام کربس اور ان کی اہلیہ لینڈا کربس نے 2015 میں اس مکان کو خریدا اور اسے نئی شکل دینے اور آرائش پر2لاکھ 40ہزار ڈالر خرچ کردیے۔

مکان میں 2بیڈ رومز کے علاوہ 2 باتھ روم، خوبصورت کچن اور اوپری منزل پر جانے کیلیے گردشی سیڑھی بھی ہے تاہم اس کی بیرونی شکل و صورت کو بڑی حد تک برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے جس کے باعث اس کے بڑے بڑے چوبی دروازے اب بھی موجود ہیں۔

مکان کی موجودہ قیمت کا تعین ہوچکا ہے مگر مالکان اسے فروخت کرنے پر راضی نظر نہیں آتے، ان کا کہنا ہے کہ انھیں لوگوں نے اب تک جو بڑی پیشکش کی ہے وہ 4لاکھ 25ہزار ڈالر ہے، بعض امکانی خریداروں نے اضافی قیمت پر بھی مکان خریدنے کی بات کی مگر یہ تجویز بھی پسند نہیں آئی اور سردست اسے فروخت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انھوں نے کہا کہ اب یہ کشتی نما مکان شبینہ قیام کے لیے تیرتے ہوٹل کی شکل اختیار کرگیا ہے جہاں ایک رات قیام کا کرایہ 345 ڈالر ہے۔

سرکاری اداروں کا کہنا ہے کہ 2004 میں بننے والے اس مکان پر 10لاکھ ڈالر خرچ ہوئے تھے تاہم مجموعی لاگت 13لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔