فاٹا اور ایم کیو ایم سینیٹرز کا اپوزیشن امیدواروں کی حمایت کا اعلان

ویب ڈیسک  پير 12 مارچ 2018
اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کی پوزیشن مضبوط فوٹو:فائل

اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کی پوزیشن مضبوط فوٹو:فائل

 اسلام آباد: فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی اپوزیشن جماعتوں کے متفقہ امیدوار صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ میں نومنتخب 52 سینیٹرز نے رکنیت کا حلف اٹھالیا ہے اور ایوان بالا کے چیرمین اور ڈپٹی چیرمین کے الیکشن آج شام 4 بجے ہوں گے۔ پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور بلوچستان کے آزاد سینیٹرز نے گزشتہ روز چیرمین کے لیے صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیرمین کے لیے سلیم مانڈوی کا نام پیش کیا تھا۔ آج فاٹا اور ایم کیو ایم کے سینیٹرز نے بھی صادق سنجرانی اور سلیم مانڈوی والا کی حمایت کا اعلان کردیا جس کے نتیجے میں اپوزیشن مضبوط اور حکمراں جماعت ن لیگ کی کی پوزیشن کمزور دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب آج ہوگا

فاٹا سے منتخب سینیٹر ہدایت اللہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمارے تمام 8 ووٹ صادق سنجرانی کو ملیں گے۔ ادھر ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے ایم کیو ایم کے سینیٹر صادق سنجرانی کو ووٹ دیں گے تاہم پیپلز پارٹی کے سلیم مانڈوی والا کو ووٹ نہیں دیا جائے گا۔ حکومت اور اپوزیشن کے تمام امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں جو منظور ہوگئے ہیں۔

سینیٹ کا ایوان 104 ارکان پر مشتمل ہے جس میں ن لیگ کے 33، پی پی پی 20، پی ٹی آئی 12، آزاد 17، ایم کیو ایم 5، نیشنل پارٹی 5، جے یو آئی 4، پشتون خوا میپ 3، جماعت اسلامی 2 اور بی این پی مینگل، فنکنشنل لیگ اور اے این پی کا ایک ایک سینیٹر ہے۔ امیدوار کو جیتنے کے لیے 53 ووٹ درکار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔