خبردار! سگریٹ نوشی سے لبلبے اور بائل ڈکٹ کا کینسر بھی ہوسکتا ہے

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
سگریٹ نوشی جگر کے کینسر کے علاوہ لبلبہ اور بائل ڈکٹ کے کینسر کا بھی سبب ہے۔ فوٹو : فائل

سگریٹ نوشی جگر کے کینسر کے علاوہ لبلبہ اور بائل ڈکٹ کے کینسر کا بھی سبب ہے۔ فوٹو : فائل

 لندن: تمباکو اور شراب نوشی جگر کے کینسر کی سب سے بڑی وجہ تو ہیں ہی لیکن جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ تمباکو اور شراب نوشی سے لبلبے اور صفراوی نالی (بائل ڈکٹ) کے کینسر کا بھی شدید خطرہ لاحق ہوجاتا ہے۔

برٹش جرنل آف کینسر میں شائع شدہ، تازہ تحقیق کے مطابق شراب نوشی اور تمباکو نوشی کے مضر اثرات میں جگر کے ابتدائی کینسر اور جگر کے کینسر کی دوسری قسم (Hepatocellular Carcinoma) کے علاوہ صفراوی نالی (بائل ڈکٹ) کا کینسر (intrahepatic cholangiocarcinoma) بھی شامل ہیں جو جگر کے کینسر کی پہلی قسم سے زیادہ خطرناک اور جان لیوا ہیں۔

واضح رہے کہ یہ تحقیق ایک وسیع منصوبے کا حصہ ہے جسے ’’لیور کینسر پولنگ پروجیکٹ‘‘ کا نام دیا گیا ہے اور جس میں 14 مختلف وسیع مطالعات کے تحت 15 لاکھ 18 ہزار 7 سو 41 امریکی شہریوں کا طویل مدتی جائزہ لیا گیا۔ ان مطالعات سے حاصل شدہ نتائج کو یکجا کرنے کے بعد معلوم ہوا کہ وہ افراد جنہوں نے سگریٹ نوشی چھوڑ دی، ان کے کینسر میں مبتلا ہونے کے امکانات 97 فیصد تک ختم ہوگئے جب کہ وہ افراد جنہوں نے سگریٹ نوشی اور شراب نوشی جاری رکھی، اُن میں جگر کے کینسر (قسمِ دوم) اور بائل ڈکٹ کے کینسر میں مبتلا ہونے کے 40 فیصد امکانات سامنے آئے۔ اس سے قبل سگریٹ نوشی اور شراب نوشی سے جگر کے کینسر کی پہلی قسم کے شواہد ملے تھے۔

جگر انسانی جسم کا سب سے بڑا اندرونی عضو ہے جس کا کام ہاضمے میں مدد دینا، خون اور لمحیات کے نئے خلیات (سیلز) پیدا کرنا اور پرانے و ناکارہ خلیات کو ٹھکانے لگانا بھی ہے؛ جب کہ جگر کا سب سے اہم کام جسم میں داخل ہونے والے کیمیائی اور دیگر مضر مادوں کو چھانٹنا ہے، جگر اپنے افعال درست طریقے سے ادا نہ کرسکے تو جسم میں خون کی کمی واقع ہوجاتی ہے جس سے قوت مدافعت ختم ہوجاتی ہے اور جگر کا کینسر، لبلبے تک پھیل جاتا ہے۔

لبلبہ انسولین پیدا کرکے جسم میں شوگر لیول (خون میں شکر کی مقدار) کنٹرول میں رکھتا ہے جبکہ بائل ڈکٹ، پِِتّے سے آنے والے مائع (بائل جوس) کو آنتوں میں منتقل کرتی ہے جہاں یہ رس، غذا کو ہضم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ لبلبے اور بائل ڈکٹ کا کینسر، نظام ہاضمہ کو شدید نقصان پہنچاتا ہے اور جسم میں کاربوہائیڈریٹ اور شوگر کے ساتھ ساتھ  کئی خطرناک خلیات کی تعداد بھی بڑھا دیتا ہے جو بالآخر موت کا سبب بنتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکن سوسائٹی آف کلینیکل اونکولوجی (اے ایس سی او) نے بھی لوگوں کو شراب نوشی ترک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا کی ہر ایک ریاست میں اوسطاً سالانہ تین ہزار افراد سگریٹ نوشی اور شرب نوشی کے باعث کینسر کے مرض میں مبتلا ہورہے ہیں جن میں سے زیادہ تر افراد میں لبلبہ اور بائل ڈکٹ کا کینسر پایا گیا ہے۔

حالیہ مطالعے میں اسی بات کی مشاہداتی تصدیق کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔