سولجر بازار میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش پر 3 کم عمر لڑکے گرفتار

اسٹاف رپورٹر  منگل 13 مارچ 2018
پولیس نے تینوں لڑکوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فوٹو: فائل

پولیس نے تینوں لڑکوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ فوٹو: فائل

 کراچی: سولجربازار کی گل رعنا سوسائٹی میں8 سالہ بچی کو اغوا کرکے مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کے الزام  میں3کم عمر لڑکوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

اتوار کی شب سولجر بازار تھانے کے علاقے سولجر بازار نمبر ایک گل رعنا سوسائٹی میں 8 سالہ بچی کو زبردستی محلے میں رہائش پذیر3کم عمر لڑکوں کی جانب سے مبینہ اجتماعی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، بچی لڑکوں کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہو گئی اورگھر پہنچ گئی، متاثرہ بچی نے اپنے والد کو واقعے سے متعلق آگاہ کر دیا، پیر کی صبح بچی کے والد نے سولجر بازار پولیس سے رابطہ کیا اور انھیں ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔

پولیس نے تینوں کم عمر لڑکوں عباد ولد رئیس، شہریار ولد نوید اور کاشف ولد محبوب کو گرفتار کرکے ان کیخلاف متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کردی۔

ایس ایچ او سولجر بازار انسپکٹر رافع تنولی کا کہنا ہے کہ گرفتار لڑکوں کی عمریں 12 سے 13 سال کے درمیان ہیں اور واقعے کے بعد متاثرہ بچی کے والدین اورگرفتار لڑکوں کے والدین آپس میں معاملہ نمٹانے کی کوشش کرتے رہے، معاملہ حل نہ ہونے پرانھوں نے پولیس سے رجوع کیا جب کہ پولیس نے تینوں لڑکوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔