پاکستان ہماری طاقت ہے اور کشمیری دعاؤں میں یاد ہیں، امام کعبہ

نمائندگان ایکسپریس  منگل 13 مارچ 2018
امن واستحکام کیلیے کردارجاری رکھیں گے،جنرل باجوہ، ڈاکٹرصالح واپس چلے گئے۔ فوٹو : آئی این پی

امن واستحکام کیلیے کردارجاری رکھیں گے،جنرل باجوہ، ڈاکٹرصالح واپس چلے گئے۔ فوٹو : آئی این پی

 اسلام آباد: امام کعبہ ڈاکٹر صالح بن محمدالطالب نے خطے میں امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان سعودی عرب کی طاقت ہے جب کہ دونوں ممالک کے مابین محض سفارتی تعلق نہیں بلکہ ایمان کا رشتہ ہے۔

ڈاکٹر صالح بن محمد الطالب نے پیرکواپنے وفد کے ہمراہ صدر مملکت ممنون حسین سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدرممنون حسین نے عالم اسلام کے مختلف حصوں میں بدامنی اور عدم استحکام کے شکار عوام کی مدد اوربحالی کیلیے ایک نظام کے قیام کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میںپاکستان اور سعودی عرب سمیت پورے عالم اسلام کو سرگرمی سے کام کرنا چاہیے۔

صدر مملکت نے اسلامو فوبیا کیخلاف کام کرنے پر بھی زوردیا۔ صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان سعودی حکومت کے وژن 2030 کی مکمل حمایت کرتا ہے جس سے علاقے میں استحکام پیدا ہوگا اور معیشت مضبوط ہوگی۔ صدرمملکت نے کہاکہ پاکستان چاہتا ہے کہ سعودی عرب اتنا مضبوط ہوکہ دنیا کی کوئی طاقت اس پر بری نظر نہ ڈال سکے، اس مقصد کیلیے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کا تعاون ہمیشہ برقرار رہے گا۔ صدرنے اس موقع پرسعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی عوام کیلیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔

امام کعبہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب عالم اسلام کی بڑی طاقتیں ہیں جن کی قیادت پرہمیںمکمل اعتماد ہے۔ امام کعبہ نے وزیراعظم شاہدخاقان عباسی سے بھی وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ امام کعبہ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہونگے۔

امام کعبہ نے پرتپاک خیرمقدم کرنے پر وزیراعظم اور پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پوری امت مسلمہ پاکستان کو اپنی طاقت سمجھتی ہے۔ امام کعبہ نے پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ بھی کیااور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ملاقات کی۔

ڈاکٹر صالح بن محمد الطالب نے کہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا، ان برائیوں کو اسلام سے نہیں جوڑنا چاہیے، دہشت گردی دنیا میں اقتصادی تباہی، غربت اور ناخواندگی میں اضافے کا موجب ہے۔ مسلمانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کشمیر کو پاکستان کا حصہ سمجھتے ہیں اوراس حقیقت کو تسلیم کرتے ہیں، مظلوم کشمیریوں کو ہمیشہ اپنی دعاؤں میں یاد رکھتے ہیں۔

اسپیکر نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب یک جان دو قالب کی مانند ہیں، ہماری خوشیاں، دکھ اور منزل ایک ہے۔ امام کعبہ نے جی ایچ کیو کا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان برادرانہ اور باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، دونوں ممالک امن واستحکام اور مسلم امہ کی بہتری کیلیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

امام کعبہ نے کہاکہ پاکستان کا مسلم دنیا میں ایک اہم مقام ہے اور پاکستان علاقے کے اندر امن و استحکام کیلیے اپنا اہم کردار ادا کررہاہے۔ بعدازاں امام کعبہ واپس سعودی عرب روانہ ہوگئے، ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے انھیں الوداع کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔