نیب نے شہباز شریف کے منظور نظر سرکاری افسر کی تفصیلات طلب کرلیں

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے منظور نظر افسر راجہ جہانگیر کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا ہے۔ فوٹو :فائل

نیب نے وزیراعلیٰ پنجاب کے منظور نظر افسر راجہ جہانگیر کے حوالے سے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھا ہے۔ فوٹو :فائل

 لاہور: نیب نے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد پنجاب حکومت کے ایک اور افسر کی تفصیلات مانگتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا ہے۔

نیب نے پنجاب حکومت سے ایک اور افسر کی تفصیلات مانگتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے منظور نظر افسر سیکرٹری انفارمیشن راجہ جہانگیر کے حوالے سے خط چیف سیکرٹری پنجاب کو بھیج دیا ہے، راجہ جہانگیر گریڈ 18 کے افسر ہیں جب کے گریڈ 20 کی سیٹ پر تعینات ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ااحد چیمہ کی 32 کنال اراضی

راجہ جہانگیر کے پاس ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن کا بھی اضافی قلم دان ہے، محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی کی پی ایس کی سیٹ پر خلافِ ضابطہ محکمہ انفارمیشن کا افسر تعینات ہے، نیب نے راجہ جہانگیر کے ساتھ ساتھ محکمہ انفارمیشن میں پچھلے 14 سال سے تعینات پی ایس ٹو سیکرٹری کی بھی تفصیلات مانگ لی ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : احد چیمہ نیب کے حوالے

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد پنجاب بیوروکریسی نے ہڑتال کردی تھی اور ڈی ایم جی افسران نے اپنے دفاتر کو تالے لگا کر سیکرٹیریٹ آفس بند کردیے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔