گرین لائن بس کا منصوبہ اور کراچی کے بے بس عوام

محمد علی خان  بدھ 14 مارچ 2018
بادی النظر میں گرین لائن بس منصوبے کا واحد مقصد سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک بڑھانا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

بادی النظر میں گرین لائن بس منصوبے کا واحد مقصد سندھ بالخصوص کراچی میں مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بینک بڑھانا ہے۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اگر ن لیگ کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کیا جائے تو ان میں سرفہرست موٹروے اور میٹرو بس کے منصوبے نظر آتے ہیں جن کا تذکرہ اکثر حکمران جماعت کے جلسوں میں زور و شور سے کیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر عوام سے ووٹ بھی مانگے جاتے ہیں۔ پنجاب کو ن لیگ کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اس لیے وہاں لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں میٹرو بس چلانے کے لیے اسپیشل ٹریک بنائے گئے اور باہر سے بسیں منگوائی گئیں جن پر اربوں روپے لاگت آئی۔

سندھ میں ن لیگ کا ووٹ بینک نہ ہونے کے برابر ہے۔ اپنی اس کمزوری کو دیکھتے ہوئے تین سال قبل کے وفاقی بجٹ میں کراچی شہر کےلیے بھی میٹرو بس منصوبے کا آغاز کیا گیا جسے ’’گرین لائن بس‘‘ کا نام دیا گیا۔ ابتدائی طور پر اس کی لاگت 16 ارب روپے بتائی گئی اور مدتِ تکمیل دو سال رکھی گئی۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس منصوبے کی لاگت میں اضافہ ھوتا گیا اور یہ رقم 34 ارب روپے تک جاپہنچی ہے۔ اس منصوبے میں ٹریک کی لمبائی سرجانی ٹاؤن تا گرومندر 19 کلو میٹر ہے۔ ن لیگی حکومت کے آخری ایام میں بمشکل 60 فیصد کام ہی مکمل ہوا ہے۔

ابتدائی طور پر اس منصوبے میں 100 بسیں چلائی جائیں گی جن سے روزانہ 20 سے 25 ہزار افراد مستفید ہوسکیں گے۔ اس منصوبے کی افادیت اپنی جگہ مگر اہلیانِ کراچی نوحہ کناں ہیں کہ اس منصوبے کو ڈیزائن کرتے وقت متبادل سڑکوں کا انتظام اور مرمت کا کوئی بندوبست نہیں کیا گیا جس کے باعث سارا دن شہری شدید ٹریفک جام اور ذہنی اذیت کا شکار رہتے ہیں۔ مگر متعلقہ حکام کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

اس 19 کلومیٹر طویل ٹریک کے دونوں طرف رہنے والے لوگوں کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہے اور یہ حصہ شہر کراچی کا گنجان ترین علاقہ سمجھا جاتا ہے جبکہ اس منصوبے سے مستفید ہونے والوں کی ممکنہ تعداد، اس آبادی کے مقابلے میں، نہ ہونے کے برابر ہے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ جتنی بڑی لاگت کا یہ منصوبہ ہے، اتنی بڑی رقم میں کراچی کی 70 فیصد مرکزی شاہراہوں کی بہترین مرمت کرکے انہیں کشادہ کیا جاسکتا تھا مگر اس منصوبے کے بعد جو بھی سڑک موجود تھی، اس میں سے کم از کم 20 فٹ چوڑائی مزید کم ہوگئی ہے اور یہ سب کچھ ایک بس سروس کےلیے کیا جارہا ہے۔

اس ٹریک کے دونوں طرف سارا دن میں بلامبالغہ لاکھوں گاڑیاں چلتی ہیں جو سڑک کی چوڑائی کم ہونے کے باعث شدید ٹریفک جام کا باعث بن رہی ہیں اور دس منٹ کا سفر گھنٹوں میں طے ہورہا ہے۔

شہر کراچی میں اس وقت بلدیاتی حکومت تو موجود ہے مگر اس کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں اور اختیارات کا مرکز سندھ حکومت ہے۔ مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کے کراچی جیسے میگاسٹی کے لیے سڑکوں کا انفراسٹرکچر صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

وفاقی حکومت کی طرز پر چلتے ہوئے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے اورنج لائن، ریڈ لائن، یلو لائن اور بلیو لائن کے نام سے کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں میٹرو بس قسم کے منصوبے متعارف کروائے ہیں جن میں سے ابتدائی طور پر دو سال کے عرصے میں صرف اورنج لائن ہی کے ایک منصوبے پر کام ہوا ہے جس کے ٹریک کی لمبائی 4 کلومیٹر اور لاگت ڈیڑھ ارب روپے ہے۔ اس پر بھی اب تک صرف 50 فیصد ترقیاتی کام ہی مکمل ہوسکا ہے اور صوبائی حکومت کے خاتمے کی مدت بھی قریب ہے۔

سوال یہ ہے کے آئندہ جو بھی جماعتیں اقتدار میں آئیں گی، ان منصوبوں کے حوالے سے ان کی ترجیحات کیا ہوں گی؟ پنجاب میں ریکارڈ مدت میں میٹرو بس کے منصوبے مکمل کرنے والے سندھ میں اب تک ناکام کیوں ہیں؟ کیا اس کا مقصد آئند انتخابات کےلیے ماحول بنانا ہے یا عدم دلچسپی۔

کچھ باتیں آنے والا وقت ظاہر کرے گا مگر جب تک کراچی کی اکثریتی آبادی اس جبر مسلسل سے گزرتی رہے گی، حکمرانوں سے پوچھتی رہے گی: کس جرم کی پائی ہے سزا یاد نہیں۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

محمد علی خان

محمد علی خان

مصنف سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اور بلاگر ہیں۔ سیاست کا شوق اور ادب کا ذوق رکھتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔