نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے ’چوکس‘ ایپ متعارف

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
نیکٹا نے ’چوکس ایپ‘ کو قومی ایکشن پلان کے اہداف کے تحت تیار کیا ہے۔ فوٹو : نیکٹا

نیکٹا نے ’چوکس ایپ‘ کو قومی ایکشن پلان کے اہداف کے تحت تیار کیا ہے۔ فوٹو : نیکٹا

 اسلام آباد: قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی نے نفرت آمیز اور انتہا پسندانہ مواد کی روک تھام اور مشکوک سرگرمیوں سے آگاہ رہنے کے لیے ’ چوکس‘ کے نام سے موبائل ایپ متعارف کرادی۔

نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے نفرت انگیز مواد کی روک تھام کے لیے اینڈرائیڈ موبائل فونز کے لیے ایک ایپلی کیشن ’چوکس‘ متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے صارفین انٹرنیٹ پر کوئی بھی نفرت آمیز، قابل اعتراض اور انتہا پسندانہ مواد جیسے تصاویر، ویڈیوز یا تحریر سے نیکٹا کو فوری طور پر آگاہ کرسکتے ہیں۔ نیکٹا حکام شکایت پر فوری ردعمل دیتے ہوئے مواد کو ہٹانے اور ذمہ دار کا تعین کر کے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

’چوکس ایپ‘ نیکٹا کی تطہیر مہم کا حصہ ہے جس کے ذ ریعے صارفین اپنے علاقوں میں ہونے والے انتہا پسندی اور نفرت کا پرچار کرنے والے جلسوں، بینرز، تقاریر اور مواد کی شکایت بھی درج کراسکتے ہیں جس کے بعد متعلقہ تھانے، ایف آئی اے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذ ریعے کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی اور انتہا پسندانہ مواد کو ضبط کرنے کے علاوہ ذمہ دار کو حراست میں لیا جا سکے گا۔

NCTA2

قومی انسداد دہشت گردی اتھارٹی نے مذکورہ ایپ کا اجراء ’ تطہیر مہم‘ کے تحت 11 فروری کو کیا تاہم اسے میڈیا کوریج اب ملی ہے۔ یہ ایپ قومی ایکشن پلان کے مقرر کردہ اہداف کا حصہ ہے جس کے ذریعے انتہا پسندانہ اور نفرت انگیز مواد کو انٹرنیٹ سے ہٹانے، ضبط کرنے اور ذمہ دار کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے اقدامات کرنا ہے اور اس سارے مرحلے میں عوام کو بھی شامل کرنا ہے۔

ایپ میں ایک معلوماتی ویڈیو بھی موجود ہے جس کی مدد سے ایپ کو بآسانی استعمال کیا جا سکتا ہے، ایپ میں انگریزی کے ساتھ اردو میں آپشن موجود ہیں، ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔