چیئرمین سینیٹ بلوچستان سے بننا معجزے سے کم نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
اس کامیابی کے بعد قوم پرستی اور صوبے کے حقوق کا دعویٰ کرنے والے لوگ بے نقاب ہو گئے، عبدالقدوس بزنجو، فوٹو:فائل

اس کامیابی کے بعد قوم پرستی اور صوبے کے حقوق کا دعویٰ کرنے والے لوگ بے نقاب ہو گئے، عبدالقدوس بزنجو، فوٹو:فائل

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کے کسی شخص کی کامیابی کسی معجزے سے کم نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین کی کامیابی کو صوبے کے عوام کے نام کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر بلوچستان کے شخص کی کامیابی کسی معجزے سے کم نہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ اس کامیابی میں  قوم پرستی اور صوبے کے حقوق کا دعویٰ  کرنے والے اسلام آباد میں بے نقاب ہو گئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ صادق سنجرانی کی کامیابی نے نہ صرف بلوچستان میں ان بڑے بتوں کو گرا دیا جو ہمیشہ سے بلوچستان کے مسائل اور یہاں کے عوام کی محرومیوں پر بلوچستان میں آکر تو مگرمچھ کے آنسو بہاتے تھے لیکن اسلام آباد کے ایوانوں میں ان کے منہ سے آواز تک نہ نکلتی تھی، آج انہیں اقتدار سے نوازنے والی پنجاب کی سیاسی جماعت کی شکست نے غم سے نڈھال کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایوان بالا کے بڑے منصب کے لیے بلوچستان کے سپوت کو چنا گیا تو نیشنل پارٹی اور پشتوانخوا میپ کے اکابرین بجائے بلوچستان کے سپوت صادق سنجرانی کو مبارک باد  دیتے انہوں نے سینیٹ میں بلوچستان کی کامیابی پر ماتم شروع کردیا جب کہ ہماری چند دنوں کی حکومت نے صوبے کی غریب عوام کے لیے وہ کام کردکھائے جو کئی دہائیوں سے قوم پرستی کا دعویٰ کرنے والی جماعتوں  نے نہیں کیا۔



ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔