اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

ویب ڈیسک  منگل 13 مارچ 2018
لیوک رونکی نے 58، الیکس ہیلز نے 46 اور حسین طلعت نے 36 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

لیوک رونکی نے 58، الیکس ہیلز نے 46 اور حسین طلعت نے 36 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

شارجہ: پی ایس ایل تھری کے پچیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو شکست دے دی۔ 

پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کے گروپ میچز کے آخری مرحلے میں شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 152 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کمارا سنگاکارا اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اسلام آباد کے بولر سمت پٹیل نے پہلے ہی اوور میں مخالف ٹیم کی 2 وکٹیں اڑا کر میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔ سنگاکارا چوتھی گیند پر سمیت پٹیل کا شکار بن گئے وہ صرف ایک رنز ہی بناسکے۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے سیف بابر بھی صرف ایک ہی گیند کے مہمان ثابت ہوئے پٹیل نے انہیں پہلی ہی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ ساتھی اوپنر کی پویلین واپسی کے بعد احمد شہزاد بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رکے اور 3 رنز پر ہی آؤٹ ہوگئے۔

صہیب مقصود اور کپتان شعیب ملک نے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن ان کی ہمت بھی بالترتیب 13 اور 12 رنز پر جواب دے گئی جب کہ روس وائیٹلی کی اننگز بھی 11 رنز تک محدود رہی۔ سہیل تنویر اور عمر گل بھی 10،10 رنز ہی بناسکے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کیرن پولارڈ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن وہ اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہے اور 47 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس میں 6 بلندوبانگ چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سمت پٹیل، عماد بٹ، شاداب خان اور فہیم اشرف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ محمد سمیع نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور جے پی ڈومینی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 46 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن ڈومینی 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے تاہم رونکی نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔

لیوک نے الیکس ہیلس کے ساتھ ملکر 45 رنز کی شراکت قائم کی اور 36 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے الیکس ہیلز نے اپنے پہلی ہی پی ایس ایل میچ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کے ساتھ 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

نوجوان بلے باز حسین طلعت نے بھی 21 گیندوں پر 36 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ آصف علی 17 اور فہیم اشرف 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمر گل نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ عمران طاہر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔